• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد، میدانوں کی رونق بحال ہونے کی امید

Sri Lankan Cricket Team Agrees For Visit To Pakistan

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی نوید سنتے ہی ملک کے کھیل کے میدانوں میں چوکے اور چھکے پر شور کی آواز آج ہی سے سنی جاسکتی ہے۔

یہ بات درست ہے کہ پی سی بی کے نومنتخب چیئرمین نجم سیٹھی نے سری لنکن کرکٹ بورڈ کے سربراہ سماتھی پالا کوپاکستان میں باہمی سیریز کے کچھ میچز کھیلنے پر راضی کرلیا ہے۔

سماتھی پالا جی نے گزشتہ روز اپنے بیان میں اس حوالے سے آمادگی کا اظہار کیاتھا،جس کا نجم سیٹھی سمیت پاکستانی کرکٹ سے محبت کرنے والوں نے خیر مقدم کیا،اب امید ہوچلی ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ سے ملک کے میدان آباد ہوجائیں گے۔

سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دورے کی راہ ’ورلڈ الیون‘ کے پاکستان آنے کے بعد مزید ہموار ہوجائے گی، اس دوران پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال اور انتظامات پوری دنیاکے لیے پاکستان کے کھیل کے حوالے سے محفوظ ہونے کا پیغام ہوں گے۔

سری لنکن کرکٹ بورڈ کے صدر نے اپنے اعلان میں کہا ہے کہ ان کی ٹیم پاکستان کی میزبانی میں متحدہ عرب امارات میں ہونے والی سیریز کا کم از کم ایک ٹی 20 میچ پاکستان میں کھیل سکتی ہے۔

اس حوالے سے پی سی بی ذرائع نے بھی واضح کردیا ہے کہ سری لنکن کرکٹ بورڈ سیکیورٹی معاملات کا جائزہ لے رہا ہے اور میچ میں سارا انحصار ورلڈ الیون کے دورہ پاکستان پر ہو گا جو مجوزہ طور پر10 سے 15 ستمبر کے درمیان ہے۔

اگر ورلڈ الیون کا دورہ کامیا ب ہوجاتا ہے تو پھر یقینی طور پر سری لنکن ٹیم بھی پاکستان کا دورہ کرے گی اور یوں 9 برسوں میں سری لنکا پاکستان کا پہلا دورہ کرنے والی ٹاپ رینکنگ ٹیم بن جائے گی۔

سری لنکا کے خلاف سیریز کا شیڈول جاری کرنے میں تاخیر کی بھی یہی وجہ بتائی جا رہی ہے کہ جائزہ لیا جا رہا ہے، پاکستان میں میچ کب ممکن ہے۔

تازہ ترین