• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاقی کابینہ کا اجلاس ،کراچی ، حیدرآباد کے لئے ترقیاتی پیکیج متوقع

Federal Cabinet Meeting Expected Development Package For Karachi Hyderabad

وفاقی کابینہ کا اجلاس آج شام طلب کرلیا گیا، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کریں گے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کراچی اورحیدرآباد کےلیے30 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کی منظوری دےگی۔اجلاس میں سی پیک سمیت توانائی کے مختلف منصوبوں پربریفنگ دی جائےگی ۔

اجلاس میں امن وامان کی صورتحال اور جاری ترقیاتی منصوبوں پرغورہوگا،اجلاس میں انتخابی اصلاحات بل پر بریفنگ دیے جانے اور کابینہ کی منظوری کاامکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کراچی اورحیدرآباد کےلیے 30 ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج کی منظوری متوقع ہے، پیکیج میں ایک اسپتال،میڈیکل کالج، پانی اورگرین لائن منصوبے کی توسیع، 50 فائر ٹینڈرز، انڈر پاسز اور اوور ہیڈ برج شامل ہیں،تمام منصوبے مقررہ وقت اورلاگت میں پورے کیےجائیں گے، وزیراعظم نے پیکیج کا اعلان حالیہ دورہ کراچی کےدوران کیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کےکراچی اورحیدرآباد کےترقیاتی پیکیج پروفاقی حکومت عملدرآمد کرائے گی، مختلف منصوبوں کو مقررہ مدت اور مقررہ رقم میں مکمل کیاجائےگا۔

ذرائع کے مطابق پالیسی کےتحت کراچی اورحیدرآباد ترقیاتی پیکیج کے ایڈمنسٹریٹر گورنر سندھ ہوں گے۔

تازہ ترین