• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈسپلن کی خلاف ورزی پر خبروں میں گھرے عمر اکمل

Umar Akmal Stuck In News Due To Violation Of Discipline

پاکستان کرکٹ میں ڈسپلن کی خلاف ورزی ہو اور اس میں عمر اکمل کا نام نہ آئے ایسا گزشتہ چند برسوں میں کم ہی ہوا ہے، خراب ڈسپلن اور ناقابل قبول فٹنس کی وجہ سے عمر اکمل اکثر خبروں میں رہتے ہیں ۔

تنازعات اور عمر اکمل کا لگتا ہے کہ بہت پرانا ساتھ ہے ،مڈل آرڈر بیٹسمین کے بارے میں کہا تو یہی جاتا ہے کہ اس میں ٹیلنٹ بہت ہے لیکن یہ ٹیلنٹ کرکٹ کے میدان میں کم نظر آتا ہے۔

میدان سے باہر عمر اکمل کے ’ٹیلنٹ‘ کے بہت چرچے رہے ہیں، کبھی سیزن کے دوران ڈانس دیکھنے چلے گئے، تو کبھی خود ڈانس کرنے لگ گئے۔

کبھی گاڑی پر غیر قانونی نمبر پلیٹ لگانے کی سزا پائی تو کبھی اوور اسپیڈ کرنے پر جرمانہ ادا کرنا پڑ گیا۔

ساتھی کرکٹرز پر بھی الزامات لگانے میں عمر اکمل پیچھے نہ رہے اور قومی ٹورنامنٹ میں جنید خان پر الزامات کی برسات کردی۔

فٹنس پر ان کی خاص توجہ نہیں رہی لیکن سوشل میڈیا پر مختلف پوز میں تصویر پوسٹ کرنا ان کا خاصہ رہا ہے۔

عمر اکمل جب سے پاکستان ٹیم میں آئے ہیں وہ کبھی فٹنس اور کبھی ڈسپلن کے معاملے پر متنازع ہی رہے ہیں۔

اب انہوں نے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی تمام حدیں عبور کرکے کوچ مکی آرتھر پر الزامات عائد کردیئےکہ وہ انہیں گالیاں دیتے ہیں اور کوچنگ اسٹاف کا رویہ بھی ٹھیک نہیں۔

اب عمر اکمل ہی بہتر جانیں کہ ان کے ساتھ کیسا رویہ اپنایا جائے کہ وہ ڈسپلن کی پابندی بھی کریں اور فٹنس کا خیال بھی، کیوں کہ بورڈ کی تو اب تک کی تمام کوششیں ہی رائیگاں رہی ہیں۔

تازہ ترین