• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حزب المجاہدین کو دہشتگرد تنظیم قرار دینا مایوس کُن ہے، دفتر خارجہ

Declaring Hizbul Mujahideen Terrorist Organization Is Disappointing Fo

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکا کی جانب سے حزب المجاہدین کو دہشت گرد تنظیم قرار دینا مایوس کُن ہے، کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لیے 70 برس سے جاری جدوجہد جائز ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے ہفتہ وار بریفنگ میں مزید کہا کہ پاک بھارت تعلقات میں بنیادی مسئلہ کشمیر ہے جس کو بات چیت کے ذریعے ہی حل کرنا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی حق خود ارادیت کے لیے جدوجہد ستر برس سے جاری ہے، ماضی میں بھارتی قابض افواج نے مقبوضہ کشمیر میں طاقت کا بے جا استعمال کیا اور اب بھی کر رہا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ امریکی سیکریٹری آف اسٹیٹ میں اقلیتوں کو آزادی حاصل نہ ہونے کی رپورٹ میں بھارت کا بھرپور ذکر ہے۔

انہوں نےواہگہ بارڈر پر چار سو فُٹ بلند پرچم کو بھارت کی جانب سے جاسوسی کے لیے استعمال کرنے کے الزام کو مضحکہ خیز قرار دیا۔

ترجمان نےکہا کہ ہندو دہشت گرد تنظیمیں بھارت میں مقیم اقلیتوں کونشانہ بنانے کےساتھ پاکستان میں بھی دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں ۔

انہوں نے بتایا کہ بھارت کی پاکستان میں دہشت گردانہ کاروائیوں کے حوالے سے اقوام متحدہ میں ڈوزئیر جمع کروا دیا ہے، بھارت نے کُھل کر سی پیک کی مخالفت کی۔

ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ کرنل ریٹائرڈ حبیب ظاہر کے معاملے پر بھارت کی جانب سے مثبت جواب موصول نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ دہشت گردی میں بھارت کے ملوث ہونے کے بارے کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم بھارت پاکستان میں دہشت گردی اور تخریب کاری میں ملوث ہے۔

ترجمان نے کہا کہ کلبھوشن یادیو نے بھارت کے بلوچستان لبریشن آرمی سے روابط کا اعتراف کیا ، جب کہ بھارت کی جانب سے کی گئی پاکستان میں تخریبی کارروائیوں کو ہر فورم پر اٹھایا گیا ہے۔

نفیس زکریا کا کہنا ہے کہ تہمینہ جنجوعہ افغان حکومت کی دعوت پرافغانستان گئیں، دونوں ملکوں نے مل کر دہشت گردی کامقابلہ کرنے پراتفاق کیا ۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ دورے میں تجارت اوردیگرپاک افغان امورپربھی تبادلہ خیال کیا گیا، افغانستان اور پاکستان نے مل کردہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے پر اتفاق کیا ہے۔

ان کا کہنا ہے مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے مظالم میں اضافہ ہوا ہے،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 5 روز کے دوران 6کشمیریوں کو شہیداورمتعدد کو زخمی کیا گیا۔

نفیس زکریا کا یہ بھی کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت کو قید کردیاگیا ہے،مقید حریت قیادت کو جان بچانے والی دوائیں بھی فراہم نہیں کی جارہیں۔

تازہ ترین