• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

این اے 120، کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور

Na 120 Nomination Papers Of Kalsoom Nawaz Accepted

قومی اسمبلی کی نشست این اے 120پر ضمنی انتخاب کے لیے نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے۔

مسلم لیگ ن کی امیدوار پر غلط بیانی اور اقامے کا معاہدہ چھپانے سے متعلق مخالفین کے اعتراضات ریٹرننگ افسر نے مسترد کردیے۔

پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کے بھی کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ،نواز شریف کی نااہلی کے باعث خالی ہونے والی نشست پر ضمنی انتخاب 17ستمبر کو ہوگا۔

این اے 120 کے ریٹرننگ آفیسر نے بیگم کلثوم نواز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کا اعلان کیا۔

این اے 120 پر کل 65 امیدواروں نے کاغذات جمع کرائے تھے،ریٹرننگ آفیسر محمد شاہد نے تین روز تک کاغذات پر اعتراضات سنے اور بالآخر 63 امیدواروں کے کاغذات منظور کر لئے۔

نواز شریف اور گلاب خان کے کاغذات مسترد کردیئے گئے،مسلم لیگ ن کے کار کن بیگم کلثوم نواز کے کاغذات منظور ہونے پر خوشی سے پھولے نہیں سما رہے تھے۔

پی ٹی آئی کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہناتھاکہ کامیابی ان کا مقدر بنے گی، پیپلز پارٹی کے فیصل میر نے کہاکہ وہ بیگم کلثوم نواز کے کاغذات کی منظوری کو چیلنج کریں گے۔

اپیلٹ ٹربیونل 24 اگست تک اپیلیں نمٹادےگا ، امیدواروں کی حتمی فہرست26اگست کو آویزاں کی جائے گی،جبکہ پولنگ 17 ستمبر کو ہوگی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما آصف کرمانی نے اس حوالے سے بتایا کہ تقریباً 9 اعتراضات تھے جو ایسے لوگوں کی طرف سے اٹھائے گئے جن کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ ریٹرننگ افسر نے اعتراض کرنے والوں کو دل کھول کر موقع دیا ، نواز شریف پر کرپشن یا کمیشن کا کوئی الزام ثابت نہ ہوا۔

آصف کرمانی کا مزید کہنا ہے کہ آج بھی جو لوگ اعتراضات داخل کررہے تھے ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں تھا، اعتراض کرنے والے نواز شریف دشمنی میں پاکستان سے دشمنی کر رہے ہیں۔

دوسری جانب بیگم کلثوم نواز کے خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیگم کلثوم نواز آج اچانک لندن روانہ ہوگئیں، وہ طبی معائنےکے لیے لندن گئی ہیں۔

تازہ ترین