• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Australian Team To Reach Dhaka Today

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے رخت سفر باندھ لیا۔ ٹیم اسٹیون اسمتھ کی قیادت میں جیت کا عزم لئے جمعہ کو بنگلہ دیش  پہنچے گی جہاں پر وہ میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔

کینگروز 22 اگست کو دو روزہ ٹور میچ سے دورے کا آغاز کریں گے۔   شیڈول کے تحت آسٹریلوی ٹیم جمعہ کو بنگلہ دیش پہنچے گی اور ایک روز آرام کے بعد پریکٹس کا آغاز کرے گی، اس کے بعد آسٹریلوی ٹیم 22 اگست کو دو روزہ ٹور میچ کھیلے گی، آسٹریلیا اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 27 سے 31 اگست تک شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم، میرپور جبکہ دوسرا اور آخری ٹیسٹ 4 سے 8 ستمبر تک چٹاگانگ میں کھیلا جائے گا۔

یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم نے اس سے قبل 2015 کے آخر میں بنگلہ دیش کا دورہ کرنا تھا تاہم سیکورٹی خدشات کے باعث کینگروز نے دورے سے دستبرداری اختیار کر لی تھی۔ دریں اثنا مشکل ترین سیریز کیلیے بنگلہ دیش کی تیاریاں پورے زور وشور سے جاری ہیں۔

کینگروز سے مقابلے کیلئے سلیکشن کمیٹی کا اجلاس ہفتہ کو ہو گا۔ بی سی بی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سلیکشن کمیٹی 14 رکنی اسکواڈ حتمی کر کے اسے منظوری کیلئے بورڈ کے صدر نظم الحسن کو بھیجیں گے اور اس کے بعد اسکواڈ کا اعلان ہفتہ کو کیا جائے گا۔

پہلے ٹیسٹ کیلئے اسکواڈ میں زیادہ تبدیلیوں کا امکان نہیں، سلیکٹرز مارچ میں سری لنکا کے خلاف آخری ٹیسٹ جیتنے والی فاتح ٹیم کو کینگروز کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھی برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔  

تازہ ترین