• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک ایران فلم و ڈرامہ پروڈکشن کی تجویز

Pak Irans Film And Drama Production Proposal

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کی جانب سے پاکستان اور ایران کی مشترکہ فلم و ڈرامہ پروڈکشن شروع کرنےکی تجویز پیش کی گئی ہے۔

وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان نے قومی نشریات اور فلم کمیشن قائم کرنے کیلئے تمام تر تیاریاں کررکھی ہیں تاکہ فلمی صنعت کی بحالی، فنکاروں، پروڈیوسرز اور فلم سازوں کیلئے سازگار ماحول فراہم کیا جاسکے اورایرانی مدد سے اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو مزید موثر اور متحرک بنانے کے خواہاں ہیں۔

مریم اورنگزیب سے ایرانی سفیر مہدی ہنر دوست نے گزشتہ روز ملاقات کی۔ وزیر مملکت نے مشترکہ قومی ورثے اور اقدار کو فروغ دینے کیلئے ملکر فلم اور ڈراموں کی پروڈکشن کی تجویز بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے،دونوں ملکوں کے قومی ورثے، ثقافتی اقدار اور مذہب ایران اور پاکستان کی عوام کو مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزیدکہا کہ پاکستان دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی تعلقات میں مزید توسیع کےلئے ایرانی حکومت کی جانب سے کسی بھی پہلو کا خیرمقدم کرے گا اور دونوں ممالک کے لوگوں کو ایک دوسرے کی ثقافت سے متعارف کرانے کےلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

وزیر مملکت نے ثقافتی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے وفد کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا اور وزارت انفارمیشن کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ایران کے سفارتخانہ کے ساتھ ایک موثر رابطہ اور تعاون کو قائم کرنے کےلئے ثقافتی وفد کے تبادلے میں اضافہ کو یقینی بنائیں۔

ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست نے کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ ثقافتی تعلقات بڑھانا چاہتا ہے۔مہدی ہنر دوست نے وزیر اطلاعات کو اسلام آباد میں قائم ایرانی سفارتخانہ کے فارسی مرکز کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔

تازہ ترین