• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Deep Rift In N League Dispute Gets Public

دراڑ گہری ہوگئی، اختلافات منظر عام پر آگئے، نون لیگ کے چوہدری نثار اور پرویز رشید آمنے سامنے آگئے۔

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار نے نام لیے بغیر پرویز رشید پر تنقید کی، کہا کہ اپنی کارستانیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے وزارت داخلہ سے کیا مدد چاہیے تھی، اگر اتنے ہی معصوم ہیں تو اپنی حکومت کو ڈان لیکس کی رپورٹ منظرعام پر لانے کا مشورہ دیں۔

چوہدری نثار نے کل شام پریس کانفرنس کرنے کا اعلان بھی کردیا۔

پرویزرشید نے کہا تھا کہ وزیراعظم کو نکالنے کی سازش پرویز مشرف کی بد روح نے کی، اپنی وزارت داخلہ ہوتے ہوئے ہمارے خلاف فیصلے ہوئے۔

نون لیگ کے چوہدری نثار اور پرویز رشید نے مورچے سنبھال لیے،سابق وزراء نے ایک دوسرے پر ہی تنقید کی توپوں سے الزامات کی گولاباری شروع کردی۔

نون لیگ کے دونوں رہنماؤں میں اختلافات کی خلیج اس وقت سامنے آئی، جب گزشتہ روز ایک انٹرویو میں سینیٹر پرویز رشید نے شکوہ کیا کہ اپنی وزارت داخلہ ہوتے ہوئے ہمارے خلاف فیصلے ہوئے،جے آئی ٹی بھی بنی، واٹس ایپ بھی ہوئے۔

پرویز رشید کے انٹرویو پر سابق وزیرداخلہ چوہدری نثار کی جانب سے انتہائی سخت رد عمل سامنے آیا، نہلے پر دہلا مارتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے جانے کیوں اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کا سارا بوجھ وزارت داخلہ اور اسٹیبلشمنٹ پر ڈال دیا ہے۔

چوہدری نثار نے پرویز رشید کا نام تو نہ لیا لیکن یہ ضرور کہا کہ کاش ایسے لوگ یہ وضاحت کر دیتے کہ اپنی کارستانیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے وہ وزارت داخلہ سے کس قسم کی مدد کی توقع کر رہے تھے،اگر وہ اتنے ہی معصوم ہیں تو اپنی حکومت کو یہ مشورہ دیں کہ وہ ڈان لیکس کی رپورٹ منظرعام پر لائے۔

تازہ ترین اختلافات سے پہلے بھی چوہدری نثار مسلم لیگ نون کے صدر کی نامزدگی کے معاملے سمیت دو سے تین باراپنی ناراضگی دکھاچکے ہیں۔

اب سابق وزیر داخلہ نے اتوار کو ایک اور پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کیا ہے،کیا چوہدری نثار پھر کوئی بڑا فیصلہ کرنے والے ہیں،اس کے لیے تھوڑا انتظارکرنا پڑے گا ۔

تازہ ترین