• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں طوفانی بارش، مختلف واقعات میں 5افراد جاں بحق

Heavy Rain In Karachi 5 Persons Died

کراچی میں شدید بارش کے دوران مختلف واقعات میں تین خواتین سمیت  پانچ افراد جاں بحق ہو گئے، گارڈن کے علاقے میں واقع چاندنی چوک پر بجلی کے تار پانی میں گرنے سے کرنٹ لگنے کے باعث دو افراد جاں بحق ہوگئے۔

پانی میں کرنٹ کی وجہ سے ایمبولینسیں بھی جاں بحق ہونے والے افراد کی لاشوں کو اٹھانے میں ناکام رہیں۔

کراچی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، شہر کے آسمان پر کڑکنے والی بجلی نے ہیبت ناک منظر پیدا کیا۔

سپر ہائی وے پر مویشی منڈی میں لگے ٹینٹ طوفانی ہواؤں سے اکھڑ گئے، نشیبی علاقوں میں بڑی مقدار میں پانی جمع ہوگیا، جبکہ بارش شروع ہوتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی معطل ہو گئی اور یہ علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

کراچی کے میں آندھی کےساتھ طوفانی بارش سے کورنگی اور لانڈھی سمیت مضافاتی علاقوں میں گھروں کی چھتیں اُڑ گئیں، درخت گر گئے، شارع فیصل اور دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

کراچی میں پیر کی سہ پہر شروع ہونے والی ہلکی بارش رات گئے طوفانی ہوگئی، پہلے گرد آلود تیز آندھی چلی اور پھر اچانک موسلا دھار بارش نے لانڈھی، کورنگی، ملیر ہالٹ، گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، نیو کراچی، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، لیاقت آباد، مارٹن کوارٹرز، جہانگیر روڈ، جمشید روڈ،لسبیلہ، نشتر روڈ، گارڈن، رامسوامی، جوبلی، گرومندر، نمائش، ایم اے جناح روڈ، صدر، لیاری، کورنگی، آئی آئی چندریگر روڈ، جونا مارکیٹ، بولٹن مارکیٹ، کھارا دار، میٹھا در، ٹاور،گلشن حدید،ڈیفنس اور کلفٹن سمیت شہر کے بیشتر علاقوں میں جل تھل ایک کر دیا۔

طوفانی بارش اور شدید آندھی کے باعث مضافاتی علاقوں میں مکانات کی چھتیں اُڑ گئیں، صدر اور بعض دیگر مقامات سے درخت گرنے کی اطلاعات بھی ملی ہیں۔

شارع فیصل، ایم اے جناح روڈ اور دیگر اہم شاہراہوں پر بارش کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا، کئی گاڑیاں اور موٹر سائیکلیں خراب ہوگئیں اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

شہر میں بارش کا پانی مختلف سڑکوں پر جمع ہونے کے باعث جگہ جگہ ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے جبکہ کئی علاقوں میں ٹریفک بھی جام ہوگیا۔

پی ایم ٹیز پھٹنے اور دیگر فنی خرابیوں کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔

واضح رہے کہ دن بھر شہر میں شدید گرمی اور حبس کی کیفیت رہی جس کے بعد سہ پہر میں کراچی کو اچانک گہرے بادلوں نے گھیرے میں لے لیا اور کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوئی۔

ڈائریکٹرمحکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں بارش کا یہ سلسلہ بدھ تک جاری رہنے کا امکان ہے، اس دوران شہر بھر میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔

تازہ ترین