• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا کی پاکستان کونان نیٹواتحادی حیثیت ختم کرنےکی دھمکی

Us Pakistans Status As Privileged Ally In Question

امریکا نے پاکستان کی امداد روکنے اور نان نیٹو اتحادی حیثیت ختم کرنےکی دھمکی دے دی۔امریکی وزیرخارجہ کا کہناہے کہ دہشت گردوں کومحفوظ ٹھکانے فراہم کرنےوالوں کونوٹس پررکھ لیا ہے ۔

امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے واشنگٹن میں افغان پالیسی پر میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ پاکستان نان نیٹو اتحادی ہے اور امریکی فوج سے قریبی تعلقات بھی ہیں تاہم اگر پاکستان اسی طرح دہشت گردوں کو پناہ دیتا رہا تو پاکستان کی نان نیٹو اتحادی حیثیت خطرے پر پڑ سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردوں کو نہ صرف ٹھکانے فراہم کر رہا ہے بلکہ ان ٹھکانوں میں ملک سے باہر امریکی فوجیوں پر حملے اور افغان امن کوششوں کیخلاف منصوبے بھی بنتے ہیں۔ اس لیے اگر دہشت گردوں کے مبینہ ٹھکانے ختم نہ ہوئے تو پاکستان سے تعلقات متاثر ہو سکتے ہیں۔

امریکی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سے تعلقات کا انحصار دہشت گردوں سے نمٹنے کے نتائج پر ہوگا اور اس کے لیے پاکستان کو اپنے بہترین مفاد میں فیصلہ خود کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا کے ہمیشہ سے پاکستان سے اچھے تعلقات رہے لیکن چند برسوں سے اعتماد کی فضا متاثر ہوئی ہے، البتہ دہشت گردی کیخلاف جنگ ختم ہونے کا زیادہ فائدہ پاکستان کو ہی ہوگا۔

ریکس ٹلرسن نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا موقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ جہاں دہشت گرد ہوں گے، حملہ کریں گے، دہشت گردوں کو پناہ دینے والوں کو نوٹس پر رکھا ہے، دہشت گردوں کو تحفظ دینے والوں سے نمٹ لیں گے اور دہشت گردوں کو تحفظ دینے والوں کو راستہ بدلنے کا بھی کہیں گے۔

انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان اسی طرح انتہا پسندوں کو مبینہ ٹھکانے دیتا رہا تو اتحادی حیثیت پر سوال آئے گا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطا بق پاکستان ان16 نان نیٹوپارٹنرزمیں سےایک ہےجس سے امریکا کے قریبی فوجی تعلقات ہیں۔اسی طرح امریکا نے رواں سال پاکستان کی 35 کروڑ ڈالر کی فوجی امداد بھی روک رکھی ہے ۔

تازہ ترین