• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف کا کلثوم نواز کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار

Army Chief Expresses Good Wishes For Kulsoom Nawaz

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نےسابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف سے فون پر رابطہ کرکے بیگم کلثوم نواز کی خیریت دریافت کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نےنوازشریف سےبیگم کلثوم نوازکی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے نیک تمناؤں کااظہار کیا۔

واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ بیگم کلثوم نواز ان دنوں لندن میں ہیں جہاں ڈاکٹرز نے کینسر کی تشخیص کی ہے اور کہا ہے کہ وہ بلاتاخیر اس کا علاج کرائیں۔

ڈاکٹرز کے مطابق ان کا کینسر قابل علاج ہے اور علاج بھی پیچیدہ نہیں ہوگا، یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ڈاکٹرز نے ان کے علاج کے متعدد آپشنز پر غور کیا اور اتفاق کیا کہ سرجری اور ریڈی ایشن تھراپی استعمال نہیں کی جائے گی اور کیموتھراپی کے ذریعے مرض کا علاج کیا جاسکتا ہے۔

سابق وزیراعظم کی اہلیہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب کے لئے مسلم لیگ (ن) کی امیدوار بھی ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیے: مریم نواز انتخابی مہم چلائیں گی

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمن عمران خان نے بھی کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔

سوشل میڈیا پر پیغام میں چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ دعا ہے وہ کینسر جیسے مرض کے خلاف جنگ میں کامیاب ہوں۔

پیپلزپارٹی کےچیئرمین آصف زرداری کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے بھی سوشل میڈیا پر کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کا پیغام دیا۔

 

ٹوئٹر پیغام میں آصفہ بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمارا خاندان کلثوم نواز کی جلد صحتیابی کے لئے دعا گو ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھی اپنی بھابھی کلثوم نواز کی صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔

تازہ ترین