• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوں تو جنوب ایشیائی ممالک کو برسات کے موسم کی آمد کے ساتھ ہی دریاؤں میں طغیانی کے باعث سیلاب کا خطرہ ہوتا ہے لیکن مون سون کے موسم میں بنگلہ دیش جیسے ملک میں ہر چیز خوبصورت اور دھلی دھلی نظر آتی ہے۔

سندر بن
سندر بن خلیج بنگال کے ساحلی علاقے کے ساتھ ساتھ پھیلا ہوا گھنا جنگل ہے۔ اسے دنیا کے عجائبات میں شمار کیا جاتا ہے۔ یونیسکو نے اسے سن انیس سو ستانوے میں عالمی ثقافتی ورثے میں شامل کیا تھا۔ بنگالی چیتوں سمیت سندر بن کو جنگلی حیات کے لیے محفوظ ترین جنگلات میں شمار کیا جاتا ہے۔ بارش کے موسم میں یہاں کے نظارے قابلِ دید ہوتے ہیں۔

تیرتا ہوا بازار
جھالا کاٹھی کے علاقے میں واقع یہ بازار اپنی مثال آپ ہے۔ مقامی دریا سے نکلنے والی نہر میں قائم اس مارکیٹ میں کشتیوں پر پھل اور سبزیاں بیچی جاتی ہیں۔ ارد گرد کے علاقے میں تاہم امرود کے باغات ہونے کے باعث یہاں امرود کی فروخت بڑے پیمانے پر کی جاتی ہے۔ برسات کے موسم میں پانی زیادہ ہونے سے کشتیوں پر کاروبار زیادہ ہوتا ہے اس لیے اس تیرتی ہوئی مارکیٹ کی رونق بھی بڑھ جاتی ہے۔

ٹانگوا جھیل
بنگلہ دیش کے صنم گنج ضلع میں واقع ٹانگوا جھیل فطری حسن سے مالا مال ہے۔ خشک سالی ہو تو اس جھیل میں اتنا پانی نہیں ہوتا لیکن ساون جب دھوم مچاتا ہے تو یہاں دور دور تک پانی ہی پانی نظر آتا ہے۔

شری مانگل ٹی گارڈن
یہ بنگلہ دیش کا سب سے پہلا اور بڑا چائے کا باغ ہے۔ یہاں کی سبز چائے سب سے زیادہ سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے۔ یہاں ایک سو پچاس سے زیادہ اقسام کی چائے پیدا ہوتی ہے۔ برسات میں یہ باغ اور بھی ہرا بھرا اور خوبصورت دکھائی دیتا ہے۔

بچناکاندی جھیل
بنگلہ دیش کے ضلع سلہٹ کے ایک گاؤں میں آبشاروں کا پانی جمع ہونے کے نتیجے میں بننے والی یہ چھوٹی سی جھیل اب عالمی سطح پر سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔ مون سون کے دنوں میں یہاں بہت سے لوگ سیر و تفریح کی غرض سے آتے ہیں۔

پانی میں ڈوبا جنگل
سلہٹ کے ضلع میں گو وائن گھاٹ کے مقام پر واقع یہ دلدلی جنگل بھی فطری حسن میں دلچسپی رکھنے والے افراد کے لیے بہت کشش رکھتا ہے۔ اس جنگل کی خاص بات یہ ہے کہ مون سون اور اُس کے چھ ماہ بعد تک کے عرصے میں بھی یہاں پانی بھرا رہتا ہے اور سیاح کشتی رانی کا لطف اٹھاتے ہیں۔

اڑیل تال
بنگلہ دیش کی دیگر تالوں کی طرح اڑیل تال بھی برسات کے زمانے میں پانی سے بھر جاتی ہے اور موسم کا لطف اٹھانے والے یہاں بھی کشتی چلانے اور پکنک منانے چلے آتے ہیں۔

 

 

تازہ ترین