• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاسی قیادت ڈری ہوئی ہے، فوج کو جواب دینا پڑا: عمران خان

Political Leadership Is Afraid Army Had To Respond Imran Khan

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ سیاسی قیادت ڈری ہوئی ہے، اسی لیے امریکی صدر کے بیان پر آرمی چیف کو جواب دینا پڑا،ان کے چوری کے اربوں ڈالر باہر پڑے ہیں، اسی لیے جواب دینے سے خوفزدہ ہیں۔

انہوں نے میڈیا سے گفتگو کے دوران امریکی صدر کے بیان پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا مطالبہ کردیا اور کہا کہ اجلاس میں شرکت کروں گا۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ دفتر خارجہ کی خاموشی کی وجہ سے قوم کی جانب سے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دے رہا ہوں، ڈونلڈ ٹرمپ کو افغانستان کے خطے اور تاریخ کی سمجھ ہی نہیں، نائن الیون میں کوئی افغان ملوث نہیں تھا، اس وقت پاکستان میں کوئی دہشت گرد تنظیم نہ تھی، ہم امریکا کے کہنے پر اس جنگ میں شامل ہوئے، یہ جنگ ہماری نہیں تھی، ٹرمپ اربوں ڈالر کی بات کرتے ہیں ،جبکہ اس جنگ میں ہمارا100ارب ڈالر کا نقصان ہوا ۔

انہوں نے کہا کہ قربانیاں پاکستان نے دیں مگر ٹرمپ بھارت کی تعریف کر رہا ہے، پوری قوم کو ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان کی مذمت کرنی چاہیے، امریکا نے افغانستان میں اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالی ہے، کیا نیٹو کے ڈیڑھ لاکھ فوجی پاکستان کی وجہ سے ناکام ہوئے؟ یہ وہی بات ہے جو بھارت کشمیر میں 7لاکھ فوج رکھنے کے باوجود کہتا ہے ۔

چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو امریکا کو سخت پیغام دینا چاہیے، اس معاملے پر پوری قوم ایک ہے،امریکی صدر کا بیان خطرناک ہے، مل کر مشترکہ پالیسی بنانا ہوگی، پاکستان میں ٹی ٹی پی کے ذریعے دہشت گردی کرنے والے بھارت کو افغانستان کا ٹھیکدار بنایا جا رہا ہے، وزیراعظم کو امریکی صدر کے بیان کا واضح جواب دینا چاہیے۔

عمران خان کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر پارلیمنٹ کے خصوصی اجلاس میں ضرور آؤں گا، ڈان لیکس کے ذریعے نواز شریف نے پیغام دیا کہ ہم امریکا کے ساتھ ہیں مگر فوج نہیں ، ایٹمی ہتھیار دہشت گردوں کے ہاتھوں میں جانے کا بیان اسرائیلی مہم کا حصہ ہے،اس معاملے پر پوری قوم کے مشترکہ جواب کے علاوہ کوئی راستہ نہیں ۔

تازہ ترین