• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ الیون کا دورہ پاکستان ،رچی رچرڈسن میچ ریفری مقرر

Richardson Appointed As Match Referee For Independence Cup

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان آزادی کپ کے میچز کیلئے آفیشلز پاکستان بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے سابق ویسٹ انڈین کپتان رچی رچرڈسن کو میچ ریفری مقرر کیا ہے۔

یہ 2009 میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے کے بعد پہلا موقع ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان میں کسی میچ یا سیریز کیلئے اپنے آفیشلز بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔11 ٹیسٹ، 19 ون ڈے اور 18 ٹی20 میچوں میں ریفری کے فرائض انجام دینے والے سابق ویسٹ انڈین کپتان پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی20 میچوں کی سیریز میں ریفری کی خدمات انجام دیں گے۔

دس سال تک آئی سی سی میں میچ ریفری کی خدمات انجام دینے والے سری لنکن روشن مہاناما کی جانب سے عہدہ چھوڑنے کے بعد آئی سی سی نے رچی رچرڈسن کو 2016 میں میچ ریفری کے ایلیٹ پینل کا حصہ بنایا تھا۔انٹیگا سے تعلق رکھنے والے رچی رچرڈسن کا شمار ویسٹ انڈیزکے بہترین بلے بازوں میں کیا جاتا ہے۔

رچرڈسن نے 1983 سے 1996 تک اپنی ٹیم کی نمائندگی کی اور 1996 کے ورلڈ کپ میں ویسٹ انڈیز کی قیادت کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ورلڈ الیون اور پاکستان کے درمیان تین ٹی20 میچوں پر مشتمل آزادی کپ کی سیریز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں 12 سے 15 ستمبر کو کھیلی جائے گی۔

تازہ ترین