• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آزادی کپ کے دوسرے ٹی 20 میں پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر174 رنز بنائے اور 7 ممالک کے اسٹار کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ الیون کو جیت کیلئے 175 رنز کا ہدف دیدیا ۔

پاکستان کی طرف سے آج بھی بابر اعظم ، احمد شہزاد اور شعیب ملک نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا ، شعیب ملک میچ کی آخری گیند پر 39 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے،ان کی وکٹ بین کٹنگ کے حصے میں آئی۔

پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، گرین شرٹس کے احمد شہزاد اور فخرزمان نے 41 رنز کا پراعتماد آغاز فراہم کیا ۔

4چوکوں کی مدد سے 21 رنز بنانے والے فخر زمان کو سیموئل بدری نے قابو کیا ،جس کے بعد بابر اعظم اور احمد شہزاد نے اسکور کو آگے برھایا ، دونوں نے 59 رنز کی قائم شراکت قائم کی۔

100 کے مجموعے پر پاکستان کی دوسری وکٹ گر گئی ،عمران طاہر نے 43 رنز بنانے والے احمد شہزاد کو پویلین کی راہ دکھائی، انہوں نےاپنی اننگز کے دوران 1 چھکا اور 5 چوکے لگائے ۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 135 رنز گری، بابر اعظم اور شعیب ملک کی 35 رنز کی شراکت کی راہ میں سیموئل بدری حائل ہوگئے۔

سیموئل بدری نے گزشتہ میچ کے مرد میدان اور دوسرے میچ میں5 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنانے والے بابر اعظم کو اپنا دوسرا شکار بنایا۔

گرین شرٹس کی چوتھی وکٹ 156 پر گری ، 2 چوکوں لگاکر 15 رنز بنانے والے عماد وسیم ورلڈ الیون پیسر پریرا کو اپنی وکٹ تھما بیٹھے۔

157 کے اسکور پر گرین شرٹس کی پانچویں وکٹ بھی گر گئی ، کپتان سرفراز احمد بغیر کوئی رنز بنائے پریرا کا دوسرا شکار بنے۔

ورلڈ الیون کی طرف سے سیموئل بدری اور پریرا نے 2،2 جبکہ بین کٹنگ اور عمران طاہر 1،1 پاکستانی کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔

پہلے میچ کی فاتح گرین شرٹس نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کی اورکمر کی تکلیف کے شکار فاسٹ بولر حسن علی نے کی جگہ عثمان شنواری اور فہیم اشرف کی جگہ محمد نواز کو اسکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔

دوسری طرف مہمان ٹیم نے بھی اپنی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، ڈیرن سیمی اور گرانٹ ایلیٹ کی جگہ سیموئل بدری اور پال کالنگ وڈ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

پاکستان کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ الیون مضبوط ٹیم ہے ہم نے بھی بھرپور تیاری کی ہے امید ہے آج کا میچ اچھا ہوگا۔

ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے کہا کہ ہم جیت کے لئے کھیل رہے ہیں ، تاہم کامیابی اور ناکامی کھیل کا حصہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم یہاں بہت انجوائے کررہے ہیں ، آج کی وکٹ بیٹنگ کے لئے سازگار ہے ہم ٹاس جیتے تو بیٹنگ کرتے ۔

قومی ٹیم کو 3میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

تازہ ترین