انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے پیرس اور لاس اینجلس کو بالترتیب 2024 اور 2028 اولمپکس گیمز کی میزبانی دینے کا اعلان کردیا۔
یہ فیصلہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے 131ویں اجلاس کے دوران کیا گیا جس میںفرانس اور امریکا کے شہروں کو میزبانی دینے کا اعلان کیا گیا۔
ہیمبرگ، روم اور بداپسٹ کی دستبرداری کے بعد صرف پیرس اور لاس اینجلس 2024 میں شیڈول اولمپکس گیمز کی میزبانی کے امیدوار بچے تھے۔
دونوں شہر میگا گیمز کی میزبانی کرنا چاہتے تھے تاہم بعدازاں آئی او سی کی جانب سے فنڈنگ کی گارنٹی ملنے پر لاس اینجلس مزید چار برس تک انتظار کرنے پر آمادہ ہو گیا ۔
پیرس کو قریباً ایک صدی بعد میگا گیمز کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہو گا جہاں اس نے آخری بار 1924 میں میگا ایونٹ کی میزبانی کی تھی جبکہ لاس اینجلس کو 1932 اور 1984 میں میگا گیمز کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہے۔
آئی او سی نے رواں برس جون میں 2024 اور 2028 میں شیڈول اولمپکس گیمز کے میزبان شہروں کا اعلان ایک ساتھ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ آئی او سی کے صدر تھامس باک نے میزبانی ملنے پر پیرس اور لاس اینجلس کو مبارکباد پیش کی۔