• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
World Xi Defeated Pakistan Won The Azadi Cup

آزادی کپ کے فائنل ٹی 20 میچ میں پاکستان نے دنیا کی ٹاپ 7 ٹیموں کے کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ الیون کو 33 رنز سے شکست دے کر 3میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کرلی۔

ورلڈ الیون تیسرے اور آخری ٹی 20 میچ میں 184 رنز کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 150رنز تک محدود رہی۔

ورلڈ الیون کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر پہلے میچ کی طرح پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، اوپنر فخر زمان 27، احمد شہزاد 89، بابر اعظم 48 اور شعیب ملک 17رنز ناٹ آئوٹ کی بدولت اسکور بورڈ پر 4وکٹوں پر 183کامجموعہ سجادیا۔

ورلڈ الیون کے اوپنر تمیم اقبال اور ہاشم آملہ ورلڈ الیون کی طرف سے ہدف کے تعاقب کے لئے میدان میں اترے ،لیکن پاکستانی بولر عثمان خان نے تیزی سے رنز میں اضافہ کرنے والے تمیم اقبال 14رنز کو دوسرے اوور میں ہی 15 اسکور پر پویلین کی راہ دکھائی۔

حسن علی نے 5ویں اوور میں گیند تھامی اور ہاشم آملہ کے ساتھ کریز پر موجود بین کٹنگ 5رنز کو بولڈ کر دیا ، اگلی گیند پر گزشتہ میچ کے ٹاپ اسکور ہاشم آملہ 21 رنز کو رن آئوٹ کرکے میچ پر گرین شرٹس کی گرفت مضبوط کردی۔

ورلڈ الیون کی ابتدائی 3وکٹیں 41 کے اسکور پر گرگئیں تو پاکستان کی میچ پر گرفت مضبوط ہوگئی،8ویں اوور میں جارج بیلی3 کو آئوٹ کرکے عماد وسیم نے میچ پر گرین شرٹس کی پکڑ مزید مضبوط کردی۔

ورلڈ الیون کے پانچویں آئوٹ ہونے والے بیٹسمین کپتان فاف ڈوپلیسی تھے، جو 15رنز بناکر شادات خان کی زبردست تھرو پر رن آئوٹ ہوگئے۔

چھٹی وکٹ پر ورلڈ الیون کے تھیسارا پریرا نے ڈیوڈ ملر کے ساتھ ملکر 45رنز کی شراکت قائم کی،13ویں اوور میں پریرا نے شاداب خان کو لگاتار 3چھکے اور 1 چوکا رسید کیا اور شائقین کرکٹ کو باور کرایا کہ گرین شرٹس کی بولنگ لائن کا دبائو قبول نہیں۔

ورلڈ الیون کے ڈیوڈ ملر اور ڈیرن سیمی نے ساتویں وکٹ پر 18 گیندوں پر 25 رنز کی شراکت قائم کی اور مجموعی اسکور17ویں اوور 137 تک لاکر میچ کو سنسنی خیز بنادیا، یہ شراکت حسن علی نے بریک کی،ڈیوڈ ملر نے 1چھکے اور 2چوکوں کی مدد سے 32رنز کئے۔

مہمان ٹیم کی آٹھویں وکٹ 139رنز پر گری، بابر اعظم نے مورنے مورکل کو رن آئوٹ کیا،وہ میچ میں رن آئوٹ ہونے والے پانچویں بیٹسمین تھے۔

ورلڈ الیون کے ڈیرن سیمی 1چھکے اور 2چوکوں کی مدد سے 24رنز ناٹ آئوٹ بنائے،تاہم ان کی بیٹنگ ورلڈ الیون کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکی۔

پاکستان کی طرف سے حسن علی کامیاب بالر رہے، جنہوں نے 4 اوور میں 28 رنز دے کر 2 جبکہ رومان رئیس، عماد وسیم اور عثمان خان نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

تازہ ترین