• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چنئی ون ڈے میں پانڈیا کی آل رائونڈ کارکردگی، بھارت کامیاب

Pandya Allround Performance Takes India To Win At Chennai

بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان 5 میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ آج چنئی میں کھیلا گیا۔ بھارت نے ہردیک پانڈیا کی آل رائونڈ پرفارمنس کی بدولت پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں آسٹریلیا کو ڈک ورتھ لوئیس میتھڈ کی مدد سے 26 رنز سے ہرا دیا۔

میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے 7وکٹوں کے نقصان پر،مقررہ 50اوورز میں 281 رنز بنائے تھے۔ بھارتی ٹیم کے ہردیک پانڈیا نے نصف سنچری کے بعد 2 وکٹیں بھی حاصل کیں اور مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔

بارش کے باعث آسٹریلیا کو21اوورز میں 164 کا ہدف ملالیکن کینگروز مقررہ اوورز میں 9وکٹ پر137رنز تک محدود رہے۔ ڈیوڈ وارنر 25، گلین میکسویل 39 اور جیمز فالکنر 32 رنز کے ساتھ ٹیم کو فتح دلانے کی کوشش کرتے رہے لیکن کامیاب نہ ہوسکے۔بھارتی بورلز کی جانب سے یزویندرا چہال نے 3، کلدیپ یادو نے 2 جبکہ بھونیشور کمار اور بھمرا نے ایک ایک وکٹ لی۔

اس سے پہلے کپتان کوہلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھاتو بھارت نےصرف 11 رنز کے اسکور پر3 وکٹ گنوادیے تھے تاہم دھونی اور پانڈیا کے درمیان 118 رنز کی پارٹنر شپ نے ا سکور کو مستحکم کیا۔

پانڈیا نے 66 گیندوں پر 88 رنز بنائے، یہ ان کے ون ڈے کرئیر کا بہترین ا سکور ہےجبکہ دھونی نے 79 رنز بنائے۔کینگروز بولرز کی جانب سے نیتھن کوٹرنائل نے 3جبکہ مارکس اسٹوئنس نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

بھارتی آل رائونڈر ہردیک پانڈیا انٹرنیشنل کرکٹ میں چھکے لگانے کی ہیٹ ٹرک کو عادت بناچکے ہیں۔ انہوں نے رواں برس چوتھی بار یہ کارنامہ انجام دیا۔

پانڈیا نے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ون ڈے میں ایڈم زمپا کی مسلسل3 گیندوں کو باؤنڈری سے باہر بھیجا۔ اس سے قبل انہوں نے پاکستان کے خلاف چیمپئنز ٹرافی میں2 مرتبہ اور سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں بھی مسلسل 3گیندوں پر چھکے جڑے تھے۔

 ایک طرف انہوں نے یہ ریکارڈ بنایا جبکہ دوسری جانب کپتان ویرات کوہلی سال میں دوسری بار صفر کی خفت کا شکار بنے۔ یاد رہے کہ کوہلی 2015 اور 2016 میں 30 اننگز میں ایک بار بھی صفر پر آؤٹ نہیں ہوئے تھے۔

اس  میچ میں سابق بھارتی کپتان ایم ایس دھونی نے بھی ایک سنگ میل عبور کیا۔ انہوں نے 79 رنز اسکور کیے یہ ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں 100 ویں نصف سنچری ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا میچ 21 ستمبر کو کولکتہ میں کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین