• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تانیہ قتل کیس : لواحقین کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم

Tania Murder Case Order To Protect The Survivors

تانیہ قتل کیس میں سندھ ہائی کورٹ نے لواحقین کو تحفظ فراہم کرنے کا حکم جاری کردیا جبکہ آئی جی سندھ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تفتیش کی نگرانی خود کریں۔ تانیہ خاصخیلی کے اہل خانہ نے چیف جسٹس سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کردیا۔

ایس ایس پی جامشورو نے عدالت میں واقعے کی رپورٹ جمع کرادی جس کے مطابق قتل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ پولیس نے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ تانیہ کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جارہا ہے جبکہ معاملہ زیر تفتیش ہے،جلد قتل کی وجوہات سامنے آجائیں گے۔

ایس ایس پی جامشورو کے مطابق شواہد کی بنیاد پرمقدمے میں انسداد دہشت گردی کی دفعہ شامل کی گئی جبکہ غفلت پر ایس ایچ او جھنگارا اور اے ایس آئی محمد علی کو معطل کردیا گیا ہے۔مزید بتایا گیا کہ اے ایس پی سہون کی سربراہی میں جے آئی ٹی کی تشکیل کا حکم دیا گیا ہے۔

عدالت نے کیس کی سماعت 29ستمبر تک ملتوی کردی۔

دوسری جانب تانیہ خاصخیلی کے اہل خانہ نے چیف جسٹس سے انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ سہون کے گاؤں جھانگارا میں 7 ستمبر کی شام ملزم خان محمد خانوانی نے گھر میں گھس کر تانیہ کو قتل کردیا تھا۔

لڑکی کے والد غلام قادر کے مطابق ملزم نے بیٹی کارشتہ مانگا تھا اور انکار پر اس نے اہل خانہ کو زد و کوب کیا اور لڑکی کو ساتھ لے جانے کی کوشش کی تاہم لڑکی نے مزاحمت کی تو ملزم نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

پولیس نے قتل کے اگلے روز دفعہ 302 کے تحت مقدمہ درج کیا جس میں خان محمد خانوانی سمیت ایک نامعلوم ملزم کو نامزد کیا۔

تازہ ترین