• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میکسکو سٹی میں ہولناک زلزلے سے اب تک 149 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں ۔ زلزلے کی شدت سات اعشاریہ ایک ریکارڈ کی گئی جس سے کئی عمارتیں ملبے کا ڈھیر بن گئیں ۔ اسکول کی عمارت تلے دب کر اکیس بچے بھی جان سے گئے,ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق میکسیکو سٹی میں 2 ہفتوں کے دوران دوسرے خوفناک زلزلے نے تباہی مچادی ہے ۔ مقامی وقت کے مطابق ایک بجے میکسکو سٹی سے 100 میل دور زلزلہ آیا جس کی ابتدائی شدت ریکٹر اسکیل پر سات اعشاریہ ایک تھی لیکن زلزلے کے جھٹکے متواتر بہت دیر تک محسوس کئے گئے جس سے زیادہ تباہی ہوئی۔

زلزلے کے نتیجے میں درجنوں عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جبکہ امدادی کارروائیاں شروع کردی گئیں ہیں اور ریسکیو ٹیمیں ملبے کے اندر دبے لوگوں کو بچانے کی کوشش کررہی ہیں ۔ مقامی حکام نے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے ۔

میکسکو سٹی کے سب سے بڑے ایئرپورٹ کو بھی زلزلے سے نقصان پہنچا جس کے باعث ایئرپورٹ کو بھی بند کردیا گیا ہے جبکہ شہر میں عمارتوں کو خالی کروالیا گیا ہے۔

واضح رہے 2 ہفتے قبل میکسیکو کی تاریخ کا شدید ترین زلزلہ آیا تھا جس میں 90 افراد ہلاک ہوئے تھے ۔

اس سے قبل عین اسی مقام پر 32 سال قبل 1985 میں زلزلہ آیا تھا جس میں لگ بھگ 10 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے اور آج ہی کے دن رونما ہونے والے زلزلے کی یاد میں کئی تقاریب بھی منعقد کی گئی تھیں۔

تازہ ترین