• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
The Beautiful Day Of Marriage Life

فاخرہ تحریم

شادی کسی کی زندگی کا نیا موڑ ہے۔ یہ موڑ خوشگوار ثابت ہو تو زندگی حسین بن جاتی ہے ورنہ شادی شدہ زندگی مصیبتوں کاپہاڑ نظرآتی ہے۔

ہر لڑکی خاص طور پر اپنی شادی کےحوالے سے حسین خواب سجائے ہوئے اس نئے سفر کاآغاز کرتی ہے۔ اس نئے سفر کی تیاری بڑی دھوم دھام سے کی جاتی ہے۔ خوبصورت جوڑا، حسین میک اپ، مہندی سے سجے ہاتھ یہ سب بھی شادی کی تیاریوں میں اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔

تیاری تو لڑکے کے لئے بھی کی جاتی ہے لیکن اس میں آج تو شاید ورائٹی آگئی ہے لیکن ایک زمانہ تھا کہ لڑکے کے لئے پینٹ کوٹ یا شیروانی بنوائی جاتی تھی لیکن آج تو مہندی کا موقع ہو تو لڑکی کے ساتھ ساتھ لڑکے کا ڈریس بھی تیار کیا جاتا ہے اور مہندی میں شرکت کے لئے دولہے کے دوست بھی مل کر کسی ایک تھیم کے تحت اپنے ڈریسز تیار کرواتے ہیں۔

دلہن کی سہیلیوں کا تو کیاکہنا وہ بھی دلہن کے ساتھ اپنے لئے مہندی، بارات اور ولیمے کے لئے خصوصی ملبوسات تیار کرواتی ہیں۔ دلہن کے لئے جوڑا خواہ بارات کا ہو یا ولیمے کا اس پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔

آج کے دور میں دلہن اپنی پسند سے ہی مختلف دنوں کے لئے ملبوسات تیار کرواتی ہیں۔ یوں تو جیب میں پیسہ ہو تو ہر چیز تیار شدہ مل جاتی ہے لیکن جوڑے کے ساتھ جیولری کا انتخاب کرنا، چوڑیاں، جوتے خریدنا یہ سب وقت طلب کام ہیں۔ اس لئے اگر تو جوڑا اپنی پسند سے بنوانا ہو تو اس کے لئے کافی وقت چاہئے۔ بر وقت تیاری ہی آپ کو مسائل سے نکال سکتی ہے۔

لڑکی اگر اپنی شادی سے خوش ہے تو وہ دل کھول کر تیاریاں کرے گی۔ سسرال والوں کے ساتھ بھی خریداری پر جائے گی اور خود بارات کے لئے بھی اپنی پسند سے کپڑے بنوائے گی اور ان کے ساتھ میچنگ جیولری اور دیگر اشیا خریدے گی۔ اس لئے خوشی دل سے چھلک رہی ہوتی ہے۔ شادی تو نام ہی خوشی کا ہے۔

اگر دل خوش نہیں تو شادی مجبوری کا بندھن بن جائےگا۔ اس میں تو نہ دل کو سکون نہ چین پھر تیاری کیا اہمیت اختیار کرے گی۔ زندگی کے اس حسین دن کو خوشگوار بنانے کے لئے کوشش کرنی چاہئےاور بچوں کی خوشی کو بھی اہمیت دینی چاہئے۔

تازہ ترین