• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا ورلڈ کپ 2019ء میں براہ راست شرکت کرے گا

Srilanka Directly Reach In World Cup 2019

گزشتہ5 سیریز میں خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھانے والی سری لنکا نے ویسٹ انڈیز کی خراب کارکردگی کے باعث 2019ء کے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔

سری لنکا جو رواں برس کے آغاز میں جنوبی افریقا سے 5ایک روزہ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش شکست سے دوچار ہوا،اس کے بعد بنگلادیش سے ہونے والی 3 میچوں کی سیریز بمشکل ایک ایک سے برابر رہی۔

لنکن ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان کے ہاتھوں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہوگئی تھی ،اس کے بعد زمبابوبے جیسی کمزور ٹیم نے بھی لنکن ٹائیگرز کو اسی کی سرزمین پر5ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 3-2کی شکست سے دوچار کیا ۔

اب آخری سیریز میں بھارت نے سری لنکا کو ہوم گرائونڈاور کرائوڈ کے بیچ میں5 میچوں کی سیریز میں وائٹ واش شکست سے دوچار کیاتو اس بات کے امکانات انتہائی مدہم ہوگئے تھے کہ لنکن ٹیم 2019ء کے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کرسکے گی۔

دوسری طرف 2017ء میں ویسٹ انڈیز نے بھی خراب کارکردگی کی روایت کو برقرار رکھا ،سال کے اوائل میں انگلینڈ سے وائٹ واش شکست ملی ، اس کے بعد پاکستان ٹیم نے ہوم گرائونڈ پر کالی آندھی کو 2-1 سے زیر کیا، مگر ٹیم کی پرفارمنس اور عالمی درجہ بندی پر تباہ کن اثرات تو افغانستان سے بمشکل سیریزبچاپانے کی وجہ سے پڑے ۔

رہی سہی کسر بھارتی ٹیم نے پوری کردی جس نے 5 میچوں کی سیریز میں کالی آندھی کو 3-1سے شکست دی تو اس کے لئے ورلڈ کپ 2019ء کے لئے براہ راست کوالیفائی کرنا ایک چیلنج بن گیا ،لیکن گزشتہ روز انگلینڈ سے شکست نے یہ راہ بھی بند کردی ۔

انگلینڈ سے شکست کے بعد ویسٹ انڈیز کی سری لنکا کے مقابلے میں 8 پوائنٹس کی کمی سامنے آئی ہے ، کالی آندھی کے 78 جبکہ سری لنکا کے 86 پوائنٹس ہیں۔

2019 میں ایک روزہ بین الاقوامی ورلڈ کپ برطانیہ میں کھیلا جائے گا، کوالیفائی کرنے پر سری لنکا کے کرکٹ پرستاروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کرنے کی آخری تاریخ 30 ستمبر ہے جس کا مطلب ہے کہ ویسٹ انڈیز سری لنکا سے آگے نہیں نکل پائے گی پھر چاہے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے بقیہ میچز کا نتیجہ کچھ بھی ہو۔

سری لنکا کے ساتھ آسٹریلیا، بنگلہ دیش، انگلینڈ، انڈیا، نیوزی لینڈ، پاکستان اور جنوبی افریقا پہلے ہی اس ٹورنامنٹ کیلئے کوالیفائی کرچکے ہیں۔

تازہ ترین