• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عالمی یوم امن پر بھارتی جارحیت،6 پاکستانی شہید

Indian Aggression On Global Peace 6 Pakistani Martyr

عالمی یوم امن کے موقع پر بھارت کی جارحیت، ورکنگ باؤنڈری پرفائرنگ سے 6 پاکستانی شہری شہید اور 26 افراد زخمی ہوگئے، پاکستان رینجرزپنجاب نے مؤثرجوابی کارروائی کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کے مطابق عالمی یوم امن کے موقع پر بھارت نے جارحیت کرتے ہوئے ورکنگ باونڈری پر6 پاکستانی شہری شہید کردیے، جن میں 4 خواتین بھی شامل ہیں۔

شہید ہونے والوں میں چارواہ سیکٹر کی رہائشی شکیلہ، نفیسہ، سلیریاں کی رہائشی مریم اور گوندیال کی رہائشی شازیہ سمیت چارواہ سیکٹر کا وسیم اور کندن پور کا رہائشی اشرف شامل ہیں، جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 26 افراد زخمی بھی ہوئے۔

یہ بھی پڑھئے:شہریوں کی شہادت، بھارتی ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے ورکنگ باؤنڈری کےچاروااورہرپال سیکٹر کو نشانہ بنایا، پاکستان رینجرزپنجاب کی جانب سے بھارتی جارحیت کیخلاف موثرجوابی کارروائی بھی کی گئی۔

بھارتی جارحیت کی مذمت

دریں اثناء وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھارتی فوج کی جارحیت کی مذمت کی ہے۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے ہمدردی وتعزیت کا اظہار کیا ہے۔

وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ بھارتی فائرنگ سے معصوم شہری شہید اور زخمی ہوئے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، پاک افواج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

سابق صدر آصف علی زرداری نے شہدا کے ورثا سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومت بھارتی فوج کی دہشت گردی کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائے۔

تازہ ترین