• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب بہت جلد سی پیک کا حصہ بن جائے گا ، سعودی سفیر

Saudi Arabia Will Become A Part Of Cpec Very Soon

سعودی سفیر نواف سعیدالمالکی کا کہنا ہے کہ بہت جلد سی پیک کاحصہ بنیں گے، پاکستان کی مضبوطی، سعودی عرب کی مضبوطی ہے۔ دونوں ملکوں میں تجارت بڑھانے کے لیے دوگروپس بنائے جائیں گے۔

جنگ گروپ کے سینئر صحافیوں طاہر خلیل ، عاصم یٰسین اور تنویر ہاشمی کو دیے گئے خصوصی پینل انٹرویو میں سعودی سفیرنواف سعیدالمالکی نے کہا کہ سعودی عرب بہت جلد سی پیک کا حصہ بن جائے گا اور گوادر بندرگاہ میں سرمایہ کاری کے ذریعے یہاں کی ترقی میں اہم کردار ادا کرےگا۔

سعودی سفیرنے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تجارتی حجم میں اضافے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں ، اس کے لیے پاکستان کے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران سعودی عرب کے ولی عہد سے ملاقات میں طے پایا کہ سعودی عرب اور پاکستان میں تجارت میں اضافے کے لیےدو گروپس بنائے جائیں گے، جو باہمی تجارت کو مزید فروغ دینے کے لئے تجاویز دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان میں صحت ، تعلیم ، اسپورٹس سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا ۔

سعودی سفیر کا کہنا تھا کہ ان کا ملک بہت جلد پاکستان کے طلبا کی بڑی تعداد کو سعودی یونیورسٹیوں میں پیٹرولیم ، الیکٹریکل انجینئرنگ ، سائنس و ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں اسکالرشپ دے گا، جس پر آئندہ دو سے تین ہفتوں میں کام شروع کر دیا جائے گا۔

سعودی سفیر نے بتایا کہ دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لانے کے لیے ماہرین اور ثقافتی وفود کے تبادلے بھی کیے جائیںگے۔

تازہ ترین