• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سری لنکا کےخلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا اعلان

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے سری لنکا کے خلاف دونوں ٹیسٹ میچز کے لیے16 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا۔

سری لنکا کے خلاف 2 ٹیسٹ میچز کے لیے قومی ٹیم کی قیادت سرفراز احمد کریں گے جب کہ یاسر شاہ اور اظہر علی بھی فٹنس بہتر بناکر قومی ٹیم میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ میں کپتان سرفراز احمد،اظہر علی، یاسر شاہ،بابر اعظم، میر حمزہ، بلال آصف، شان مسعود،محمد اصغر،محمد عباس، سمیع اسلم، عثمان صلاح الدین، حارث سہیل ،محمد عامر، حسن علی، وہاب ریاض، اسد شفیق شامل ہیں۔

 

چیف سلیکٹر انضمام الحق کا پریس کانفرنس میں کہنا تھا کہ ہم نے ٹیم میں 5فاسٹ بولرز کا انتخاب کیا ہے۔ ان میں وہاب ریاض، محمد عامر،حسن علی اورمحمد عباس شامل ہیں۔

چیف سلیکٹرنے کہا کہ یاسر شاہ یو اے ای کی کنڈیشن کے لیے سازگار ہیں، یاسر شاہ نے فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرلیا ہے۔

انضمام الحق نے کہا کہ اظہر علی کو گھٹنے کی تکلیف تھی لیکن ڈاکٹر نےانجکشن لگا کر کھیلنے کا مشورہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فاسٹ بولنگ کا شعبہ بہت اچھا ہے اور مزید بولر بھی آرہے ہیں ،ہم نوجوان کھلاڑیوں کو موقع فراہم کررہے ہیں ،مصباح اور یونس کی کمی ضرور محسوس ہوگی لیکن کوشش ہے اچھی کارکردگی دکھائی جائے۔

قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کپتان سمیت ہر ایک کو پرفارمنس دینا ہوگی جب کہ سرفراز کی کارکردگی اچھی رہی ہے اور امید ہے کہ آئندہ بھی اچھی رہے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز دبئی اور ابو ظہبی میں کھیلے جائیں گے ،سیریز میں 5 ون ڈے، 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز بھی شامل ہیں۔

تازہ ترین