• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی سی سی 4 روزہ میچ کو ٹیسٹ کا درجہ دینے کو تیار

Icc Ready To Give 4 Day Match Test Status

چار روزہ ٹیسٹ میچ کا خواب حقیقت بننے کے قریب ہے، جنوبی افریقا کرکٹ بورڈ کی درخواست پر زمبابوے سے مجوزہ 4 روزہ مقابلے کو آئی سی سی نے ٹیسٹ اسٹیٹس دینے کا فیصلہ کر لیا، البتہ اسے بطور آزمائشی مشق ہی تصور کیا جائے گا۔

پورٹ ایلزبتھ میں26 دسمبر سے شیڈول میچ پر پروٹیز بورڈ کی درخواست پر آئندہ ماہ آکلینڈ میں شیڈول آئی سی سی بورڈ میٹنگ میں مزید غورکیا جائےگا، طویل فارمیٹ کو زیادہ متحرک اور پرکشش بنانے کیلئے 4 روزہ تک محدود کرنے کی تجویز اس سے قبل بھی سامنے آچکی ہے۔

سردست 3 گھنٹوں پر محیط ٹوئنٹی20 فارمیٹ دنیا بھر میں شائقین کی توجہ حاصل کیے ہوئے ہے، آئی سی سی کرکٹ کمیٹی ٹیسٹ میچز کی طوالت 5 سے 4 روز کرنے کی حامی نہیں ہے۔

2015 میں اس کی چیئرمین شپ انیل کمبلے کے ہاتھوں میں تھی، اس وقت انہوں نے 4 روزہ ٹیسٹ میچز کی مخالفت کی تھی، دوسری جانب آئی سی سی چیف ایگزیکٹیو کمیٹی اور ٹاپ انتظامیہ 4روزہ ٹیسٹ کی حمایت میں آواز بلند کرچکی ہے۔

رواں برس جون میں کرکٹ کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی دھیان کرکٹ نظام کو بہترکرنے پر ہے، ہم 4 روزہ ٹیسٹ کا تجربہ کرنے کے مخالف نہیں ہیں۔

جنوبی افریقی بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہارون لورگاٹ جو ماضی میں آئی سی سی سے وابستہ رہ چکے ہیں ،وہ بھی 4روزہ ٹیسٹ کے حامی ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مجھے پوری امید ہے کہ آزمائش کے بعد ہم اس پر آئی سی سی سے مستقل معاہدہ بھی کرنے میں کامیاب ہوجائینگے۔

تازہ ترین