• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لیفٹیننٹ ارسلان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی

Funeral Prayer Of Lt Arsalan Offered

خیبرایجنسی میں راجگال چیک پوسٹ پردہشت گردوں کی سرحدپارسے فائرنگ سے شہید ہونے والے لیفٹیننٹ ارسلان عالم کی نمازجنازہ پشاور گیریژن میں ادا کردی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں گورنر کے پی کے اقبال ظفر جھگڑا، کور کمانڈر پشاور کے علاوہ عسکری و سویلین حکام نے شرکت کی ۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ارسلان عالم کی عمر 22 سال تھی اور وہ نئی قائم کی گئی چیک پوسٹ پر آفیسر کمانڈنگ تعینات تھے۔

رواں سال جولائی میں آپریشن خیبر فور کا پہلا مرحلہ دور افتادہ، دشوار گزار پہاڑی چوٹی راجگال پر پرچم ستارہ وہلال کے فضاؤں میں بلند ہونے اور دہشت گردوں کے سرحد پار فرار کی صورت مکمل ہوا۔

راجگال کے پہاڑوں اور جنگلوں سے بھاگنے والے خطرناک دہشت گرد سرحد پار افغانستان بھاگے تو راجگال کی پہاڑی چوٹی پر پاک فوج نے اپنے پاؤں نہایت مضبوطی اور عزم مصمصم کے ساتھ جمالیے۔

راجگال کی انہی دلفریب وادیوں میں فرزند وطن نوجوان لیفٹیننٹ ارسلان اسلم بطور اپنی پوسٹ کے کمانڈنگ افسر تھے، جو اپنی آخری سانسوں تک دفاع وطن سے سرشار رہے۔

اسی فرض عظیم کی ادائیگی کے دوران، سرحد پار چھپے دہشت گردوں نے ان پربزدلانہ وار کیا، جس کے نتیجے میں لیفٹیننٹ ارسلان اسلم رتبہ شہادت پر سرفراز ہو گئے۔

شہید کی نماز جنازہ پشاور گیریژن میں ادا کر دی گئی، جس میں گورنر خیبر پختون خواہ، کور کمانڈر پشاور، شہید کے والد و دیگر رفقاء نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اس حوالے سے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ سرزمین پاک سے دہشت گردی کے ناسور کوجڑ سے اکھاڑ کر دم لیں گے، دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے ہماری عزم کو متزلزل نہیں کر پائیں گے۔

 

تازہ ترین