• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
The Cricket Rings On Harris Sohails Participation In The Test Team

قومی کرکٹ ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے 44 ماہ پہلے فرسٹ کلاس میچ کھیلنے والے حارث سہیل کی ٹیسٹ اسکواڈ میں شمولیت پر کرکٹ کے حلقے حیرانگی کا اظہار کر رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی چار رکنی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے سری لنکا کے خلاف 28 ستمبر سے متحدہ عرب امارات میں شروع ہونے والی 2 ٹیسٹ کی سیریز کے لئے 16 ارکان پر مشتمل اسکواڈ کا اعلان کیا ہے۔

حیران کن طور پر سری لنکا کے خلاف اسکواڈ میں 28 سال کے حارث سہیل کو مڈل آرڈر بیٹس مین کی حیثیت سے موقع دیا گیا ہے۔

سیالکوٹ کے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین نے اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ اسلام آباد میں اے ڈی بی پی کے لئے نیشنل بینک کے خلاف کھیلا تھا جہاں واحد اننگز میں وہ 16 رنز بنا کر ریٹائرڈ ہرٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے تھے۔

رواں سال جون میں انگلینڈ میں کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے حارث سہیل کو ان فٹ عمر اکمل کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا لیکن انہیں کوئی میچ کھیلنے کو نہ مل سکا۔

57 فرسٹ کلاس میچز کھیلنے والے حارث سہیل پاکستان کے لئے 22 ون ڈے اور 4 ٹی 20 کھیلنے کا تجربہ رکھتے ہیں۔

کرکٹ حلقوں میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ اسکواڈ میں حارث سہیل کے انتخاب پر حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔

گذشتہ سال حارث سہیل پی سی بی سینٹرل کنڑیکٹ کا حصہ تھے البتہ انہوں نے کوئی میچ نہیں کھیلا اور اس مرتبہ حارث سہیل کو سینٹرل کنڑیکٹ کی " سی " کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔

تازہ ترین