• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر اعظم 7 روزہ دورے کے بعد واپس وطن روانہ

Prime Minister Left Back Home After A 7 Day Visit

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نیویارک اور لندن کے 7روزہ دورے کے بعد وطن واپسی کے لئے روانہ ہوگئے ہیں۔

لندن سے روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میرے ہمراہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی پاکستان جارہے ہیں۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو ہائی کمشنر سید ابن عباس نے رخصت کیا،جب وزیراعظم سے وزیر خزانہ کے استعفے کے حوالے سے سوال کیا گیا تو انہوں نے کوئی واضح جواب نہیں دیا۔

اس سے قبل شاہد خاقان عباسی نے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کے دوران کشمیر کا مقدمہ پیش کرتے ہوئے خطے میں بھارتی جرائم کی بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا جب کہ بھارت کو کسی بھی مہم جوئی کے نتیجے میں منہ توڑ جواب کا بھی پیغام دے دیا۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج اقوام متحدہ کے چارٹر کی مسلسل خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں حق خود ارادیت کی کوششوں کو طاقت کے ذریعے سے کچلنے کے لیے 7 لاکھ فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔

وزیراعظم نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنوں کے استعمال اور دیگر جرائم سے روکے۔

افغانستان سے متعلق بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے دو ٹوک مؤقف اپنایااور کہاکہ افغانستان کے مسائل کا فوجی حل نہیں، اس کے لیے مصالحت کا راستہ اختیار کرنا ہوگا، افغانستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانے ہیں جو سرحد پار کرکے پاکستان میں کارروائیاں کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے دوٹوک مؤقف اختیار کیا کہ پاکستان افغان جنگ کو اپنی زمین پر لڑنے کے لیے ہرگز تیار نہیں اور نہ ہی ہم کسی ایسی پالیسی کی حمایت کرینگے جو افغانستان اور پاکستان کے عوام کی پریشانیوں میں اضافے کا باعث بنے۔

تازہ ترین