• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتساب عدالت میں پیشی پر نوازشریف کی مشاورت مکمل

Mian Nawaz Sharif Completes Consultation On Nab Court Hearing

سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے نیب ریفرنسز پر احتساب عدالت میں پیشی کے لیے آئینی و قانونی ماہرین سے مشاورت مکمل کرلی۔

میاں نوازشریف لندن سے آج وطن واپس پہنچے ہیں اور کل ان کی احتساب عدالت میں پیشی ہے۔

ذرائع کے مطابق میاں نوازشریف نے احتساب عدالت میں پیشی کے معاملے پر پارٹی رہنماؤں اور آئینی و قانونی ماہرین سے مشاورت کی ہے جو مکمل کرلی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ مشاورت میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، زاہدحامد، سعدرفیق، پرویز رشید، چوہدری نثار، سردار مہتاب عباسی، عبدالقادر بلوچ، سیف الرحمان، آصف کرمانی، گورنر پنجاب، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور دیگر آئینی و قانونی ماہرین بھی شریک ہوئے۔

ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں اسحاق ڈار نے اپنی عدالت میں پیشی کے حوالے سے بریف کیا جس میں انہوں نے بتایا کہ عدالت سے وقفے کی استدعا کی تھی لیکن ایک دن بعددوبارہ سماعت رکھ دی گئی، قانون کے مطابق بھی ایک ہفتے کا وقفہ ہوسکتا تھا۔

اجلاس میں پارٹی صدر سے متعلق سینیٹ سےبل کی منظوری پر اظہار اطمینان کیا گیا جبکہ پارٹی رہنماؤں نے نوازشریف کی وطن واپسی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اسے احسن اقدام قرار دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ مشاورتی اجلاس میں نوازشریف کی احتساب عدالت میں پیشی سے متعلق حکمت عملی بھی طے کرلی گئی ہے جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارٹی کے مرکزی رہنما نوازشریف کے ساتھ احتساب عدالت جائیں گے، کارکنوں کو احتساب عدالت نہ بلایا جائے گا اور نہ ہی روکا جائےگا۔

نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی ہےکہ احتساب عدالت میں کوئی بے انتظامی نہیں ہونی چاہیے۔

شریف خاندان کے فیملی ذرائع کے مطابق خواجہ حارث احتساب عدالت میں نوازشریف کی وکالت کریں گے اور احتساب عدالت میں نوازشریف کے بچوں کی وکالت امجد پرویز کریں گے جبکہ نیب ریفرنس کے معاملے پر نوازشریف اور خواجہ حارث کے درمیان ملاقات ہوچکی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کی کل احتساب عدالت میں پیشی پر انہیں فول پروف سیکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اسپیشل برانچ اور رینجرز کے جوان بھی سیکیورٹی ڈیوٹی دیں گے۔

احتساب عدالت کے اندر رینجرز اور ایلیٹ فورس کادستہ تعینات کیا جائےگا اور دوران سماعت میڈیا کو احاطۂ عدالت میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ٹریفک بہاؤ کنٹرول کرنے کے لیے ٹریفک اہلکار مخصوص مقامات پر ہوں گے۔

واضح رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان کے خلاف نیب نے ریفرنسز دائر کردیئے ہیں جبکہ اسحاق ڈار بھی ریفرنس پر احتساب عدالت میں پیش ہوچکے ہیں۔

تازہ ترین