• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک لنکا ٹیسٹ، حسن علی اور بلال میں مقابلہ، حارث ڈیبیو کرینگے

Hasan Ali And Bilal Asif Fight For Spot In Test Against Srilanka Haris To Debut

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سیریز ان قریب شروع ہونے والی ہے۔ مصباح الحق اور یونس خان کی ریٹائر منٹ کے بعد پاکستانی ٹیم انتظامیہ حارث سہیل اور بابر اعظم کو ٹیسٹ ٹیم میں موقع دینا چاہتی ہے۔ مڈل آرڈر بیٹنگ لائن کا بوجھ اظہر علی اور اسد شفیق اٹھائیں گے۔

سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے بائیں ہاتھ کے بیٹسمین حارث سہیل سری لنکا کے خلاف ابوظبی میں اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کریں گے۔ پچ اسپن بولنگ کے لئے ساز گار ہوئی تو آف اسپنر بلال آصف بھی اپنے ٹیسٹ کیریئر کا پہلا میچ کھیلیں گے۔

سیالکوٹ ریجن کے32سالہ آف اسپنر بلال آصف ٹیسٹ کیپ کے لئے مضبوط امیدوار ہیں جبکہ تجر بہ کار فاسٹ بولر وہاب ریاض کو الیون میں جگہ بنانے میں مشکل پیش آرہی ہے۔ وہاب ریاض ورلڈ الیون کے خلاف ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں بھی شامل نہیں تھے۔

بلا ال آصف پاکستان کی جانب سے 3 ون ڈے انٹرنیشنل میں 5 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے پانچوں وکٹیں ایک ہی میچ میں حاصل کیں۔ زمبابوے کے خلاف بلال آصف نے 25رنز دے کر پانچ وکٹ لئے تھے جس کے دران ان کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا تاہم بعد میں ان کا ایکشن کلیئر ہوگیا تھا۔

سری لنکا ٹیم میں کئی بائیں ہاتھ کے بیٹسمینوں کی موجودگی میں بلال آصف کو کھلایا جاسکتا ہے۔ پاکستانی ٹیم انتظامیہ نے16رکنی ٹیم میں سے 2 1کھلاڑیوں کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس میں6بیٹسمین، ایک وکٹ کیپر، 3فاسٹ بولر اور 2اسپنرز شامل ہیں۔ جمعرات کو گیارہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا جائے گا۔

امارات میں سخت گرم موسم میں پہلے دن پاکستانی کھلاڑی بے حال دکھائی دیے۔ شیخ زاید اسٹیڈیم کی پچ کور تھی لیکن شدید گرمی کی وجہ سے وکٹ اسپن بولنگ کو مدد دے گی۔ پاکستان نے جن بارہ کھلاڑیوں کو حتمی شکل دی ہے اس میں 10کھلاڑی یقینی طور پر میچ میں شرکت کریں گے۔ گیارہویں کھلاڑی کے لئے حسن علی اور بلال آصف کے درمیان مقابلہ ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ28 سالہ حارث سہیل کو مصباح الحق کی جگہ چھٹے نمبر پر کھلایا جائے گا۔ حارث سہیل 22ون ڈے انٹر نیشنل اور چار ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میچ کھیل چکے ہیںجبکہ انہوں نے اپنا آخری فرسٹ کلاس میچ جنوری 2014میں اسلام آباد میں اے ڈی بی پی کے لئے نیشنل بینک کے خلاف کھیلا تھا جہاں واحد اننگز میں وہ 16 رنز بنا کر ریٹائر ہرٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے تھے۔

اس سال جون میں انگلینڈ میں کھیلی جانے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے لئے حارث سہیل کو ان فٹ عمر اکمل کی جگہ اسکواڈ میں شامل کیا گیا لیکن انہیں کوئی میچ کھیلنے کو نہ مل سکا۔ حارث سہیل نے57فرسٹ کلاس میچوں میں گیارہ سنچریوں کی مدد سے3849 رنز بنائے ہیں۔

گذشتہ سال حارث سہیل پی سی بی سینڑل کنڑیکٹ کا حصہ تھے البتہ انہوں نے کوئی میچ نہیں کھیلا اور اس مرتبہ حارث سہیل کو سینڑل کنڑیکٹ کی " سی " کیٹگری میں رکھا گیا ہے جبکہ یونس خان کی اہم ترین چوتھے نمبر کی پوزیشن تجربہ کار اسد شفیق کو ملے گی۔

اظہر علی جو گذشتہ ایک سال سے اوپنر کی ذمے داریاں نبھا رہے ہیں وہ ون ڈائون پر آئیں گے۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز بائیں ہاتھ کے اوپنرز شان مسعود اور سمیع اسلم کریں گے۔

اظہر علی انجیکشن لگنے کے بعد بہتر محسوس کررہے ہیں اور انہوں نے پورے ردھم سے بیٹنگ کی۔ بابر اعظم جو پاکستان کی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں تیسرے نمبر پر کھیلتے ہیں انہیں پانچویں نمبر پر بیٹنگ کے لئے بھیجا جائے گا۔ چھٹا نمبر حارث سہیل کا ہے۔ جبکہ کپتان سرفراز احمد ساتویں نمبر پر آئیں گے۔

پچ کو دیکھ کر تین فاسٹ بولر یا دو اسپنرز کو کھلانے کا فیصلہ کیا جائےگااور محمد عامر اور محمد عباس فرسٹ چوائس فاسٹ بولر ہیں۔

سری لنکا کے خلاف پاکستان کے ممکنہ 12 کھلاڑی یہ ہوں گے۔ سمیع اسلم، شان مسعود، اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، سرفراز احمد (کپتان)، یاسر شاہ، محمد عامر، بلال آصف، حسن علی اور محمد عباس۔

 

تازہ ترین