• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارٹی صدر کا انتخاب نہ ہونے پر الیکشن کمیشن کا ن لیگ کو نوٹس

Ecp Issues Notice To Pml N For Failing To Appoint Party President

الیکشن کمیشن نے مقررہ مدت میں پارٹی صدر کا انتخاب نہ کئے جانے پر مسلم لیگ ن کو نوٹس جاری کردیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے سپریم کورٹ سے پاناما کیس میں نااہلی کے بعد پارٹی کی صدارت چھوڑ دی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے 8 اگست کو بذریعہ نوٹس ن لیگ کو پارٹی کے نئے صدر کے انتخاب کی ہدایت کی تھی۔

مسلم لیگ (ن) کو پارٹی کے صدر کا انتخاب 45 روز کے اندر کرنا تھا تاہم مقررہ مدت کو مکمل ہوئے ایک ہفتہ گزر جانے کے باوجو صدر کا انتخاب نہیں کیا جاسکا۔

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے نائب صدر احسن اقبال کو ذاتی حیثیت یا وکیل کے ذریعے جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے 3 اکتوبر کے لئے نوٹس جاری کردیا۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی سربراہی میں الیکشن کمیشن تین اکتوبر کو پارٹی صدر کے انتخاب کے معاملے کی سماعت کرے گا۔

خیال رہے کہ 17 اگست کو مسلم لیگ (ن) کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے دوران پارٹی کے قائم مقام صدر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔

مسلم لیگ (ن) کے چیرمین راجا ظفرالحق نے قائم مقام صدر کے لئے سردار یعقوب نصر کا نام پیش کیا جس کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔

تازہ ترین