• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے قائد حزب اختلاف پر ایم کیو ایم پی ٹی آئی میں اتفاق

Mqm And Pti Agreed On Bringing New Opposition Leader

ایم کیو ایم پاکستان اور پی ٹی آئی کے درمیان قومی اسمبلی میں نیا اپوزیشن لیڈر لانے پر اتفاق ہوگیا ،قائد حزب اختلاف کے لیے شاہ محمود قریشی کا نام تجویز کیا جائے گا۔

شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف کا وفد متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز پہنچا،دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران پارلیمانی سیاست میں تعاون پر بات چیت کی گئی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار کا اس موقع پر کہنا ہے کہ ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کی قراردادوں کی حمایت کی جبکہ دونوں جماعتوں کے ارکان نے قومی ایشوز پر رابطہ رکھا۔

ملاقات کے حوالے سے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی وفد کے ساتھ ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔

ملاقات کے دوران میئر کراچی نے وفد کے سامنے شکوے کرتے ہوئے کہا کہ جن کے پاس کراچی کا مینڈیٹ ہے ان کا کردار محدود ہے۔

واضح رہے کہ ہفتے کے روز دونوں جماعتوں کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا تھا جس کے بعد آج دونوں جماعتوں کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی کے وفد میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، عمران اسماعیل اور فردوس نقوی شامل تھے۔

تازہ ترین