• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شوبز لیجنڈ ریحان صدیقی کا یونیورسٹی آف ٹیکساس کے طلبا سے خطاب

Lecture On Success Business Delivered By Rehan Siddique

پاکستانی نژاد امریکی شوبز لیجنڈ اور امریکی ہم ایف ایم ریڈیو کے مالک ریحان صدیقی نے کہا ہے کہ تعلیم سے انسان بہت کچھ سیکھتا ہے مگر کامیاب بزنس مین بننے کیلئےآپکو اسٹریٹ اسمارٹ( سڑک ہوشیار) ہونا بھی بہت ضروری ہے۔

یونیورسٹی آف ٹیکساس آرلنگٹن میں بزنس اینڈ مینجمنٹ شعبہ میں بحیثیت مہمان خصوصی طالب علموں سے خطاب کرتے ہو ئے ریحان صدیقی کا کہنا تھا کہ کامیاب بزنس مین بننے کیلئے آپ کو شارپ مائنڈ رکھنا ہوتا ہے اور اس کے ساتھ اپنی ذات سے سچا ہونا اور روزانہ کی بنیادوں پر درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے پر اعتمادہونا بھی شرط ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ وہ کاروبار کریں جس کا آپ کو پتہ ہو اور اس کے کام کا تجربہ رکھتے ہوں، اگر آپ کوئی بزنس شروع کرنا چاہتے ہیں تو پہلے کہیں جا کر اس کا تجربہ حاصل کریں چاہے اس کے لیے آپ کو مفت کام ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب مقابلہ یا مسابقتی ماحول کے جس دور سے گزر رہے ہیں اس میں 100فی صد ڈیلیوری بہتر کارکردگی کا معیار نہیں اس لیے آپ کو اپنا گول 150فی صدی ڈیلیوری پر دینا ہو گا۔ بزنس ایسی گاڑی چلانے کی طرح ہے جہاں آپ کو اپنے ارد گرد، اپنی غلطیوں کو ہی نہیں بلکہ دوسروں کی غلطیوں سے بھی بچنا ہوتا ہے کیونکہ حادثہ آپ کی غلطی کے بجائے دوسروں کی غلطیوں سے بھی ہو سکتا ہے۔

اس لیے اس ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے آپ کو ہمہ وقت اس کے لیے تیار رہنا ہو گا اور آزمائش کا کبھی ایسا وقت آن پڑے تو آپ کو حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے اپنی تمام تر کوششوں کو بروئے کار لانا ہو گا۔اس تمام صورت حال کیلئے ایگو فری ہونا ہو گا اور جو کام آپ عام زندگی میں نہیں کر رہے ہوتے ان کو بھی کر کے کسٹمر کو بہتر سے بہتر سروسز فراہم کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ بزنس میں ناکامی کی زیادہ تر وجہ اس کام سے مالکان کا ناواقف ہونا ہوتا ہے لیکن ناکامی کی صورت میں یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ آپ پوری زندگی کیلئے ناکام ہو گئے ہیں اس لیے تجربہ سے سبق حاصل کر کے اس چیز کو آپ بار بار کریں گے تو یقیناً کامیابی آپ کی منتظر ہو گی۔

ریحان صدیقی نے اس موقع پر شوبز بزنس سے متعلق اپنی عملی زندگی کی تلخ حقیقت اور تجربات طالب علموں سے شیئر کئے ان کا کہنا تھا کہ شوبز بزنس ملین ڈالر رسک پر لگے ہوئے ہیں، ایک غلط فیصلہ آپ کو خطیر رقم سے محروم کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ 20سالہ شوبز بزنس کی دنیا میں انہوں نے 400سے زائد شوز کی میزبانی کی جس میں ان کو کامیابیاں بھی نصیب ہوئیں اور ناکامیوں سے بھی سابقہ پڑا۔

ریحان صدیقی نے کہا کہ میں نے اپنی ناکامیوں سے بہت کچھ سیکھا ،انہوں نے کہا کہ ابھی ہیوسٹن میں طوفان اور سیلاب کے باعث بھارتی گلوکارہ شریا گھوشال کا شو ہم نے تاریخ کی تبدیلیوں کے ساتھ ویک ڈے میں رکھا اور اس دن سب لوگ یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ یہ شو جس کی گنجائش 7ہزار افراد تھی وہ شو ہائوس فل اور سولڈ آئوٹ بھی ہو گیا۔

سوال و جواب پر مشتمل انٹرویو کے سیشن کی میزبانی کے فرائض سوسائٹی کے صدر راجہ راحیل اختر خانزادہ نےسرانجام دئیے قبل ازیں یونیورسٹی آف ٹیکساس کی ڈائریکٹر ٹیری شاٹ،ایڈوائزر جیفری اور سوسائٹی کے صدر راجہ راحیل خانزادہ نے ریحان صدیقی کا یونیورسٹی آمد پر خیر مقدم کیا ۔اس موقع پر سوسائٹی کے دیگر عہدیداران سمیر، کرم ولیمز، نادرجی، کرام خلیل، اسیر انجیل، حارس ساجد ،جین نگیوین، ہاورڈ فان، ٹیرنس ہڈ بھی موجود تھے۔

 

تازہ ترین