• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شام میں بشارالاسد کا پلہ بھاری ہے، اسرائیلی وزیر دفاع

Israel Defense Minister Says Syrian President Assad Has Won The War

اسرائیل کے انتہا پسند وزیر دفاع ایویگڈور لائبرمین نے انکشاف کیا ہے کہ بشار الاسد شام میں جاری خانہ جنگی میں فتح یاب ہورہے ہیں اور اب وہ اپنے سابق دشمنوں کا پیچھا کررہے ہیں، انکا پلہ بھاری ہے۔

Israel-DM-222

میڈیارپورٹس کے مطابق اسرائیلی وزیردفاع ایویگڈور نے اسرائیل کی ایک ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بشار الاسد جنگ میں ایک فاتح کے طور پر سامنے آئے ہیں اور اچانک ہر کوئی ان کے نزدیک آنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ میں دیکھ رہا ہوں کہ اب ممالک کی ایک لمبی قطار ہے جو بشارالاسد کی مدح سرائی کررہے ہیں۔ان میں مغرب اور اعتدال پسند مسلم ریاستیں بھی شامل ہیں۔ان کا کہنا تھاروس کی شام میں 2015ء میں فوجی مداخلت کے بعد سے صدر اسد کی قسمت میں ڈرامائی تبدیلی رونما ہوئی ہے۔

روسی کمک آنے کے بعد شامی فوج اپنے پاؤں پر کھڑی ہو چکی ہے۔اس نے گذشتہ مہینوں کے دوران باغی گروپوں کے خلاف لڑائی میں پے در پے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں اور باغیوں کے زیر قبضہ کئی بڑے شہروں پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔

Israel-DM333

اسرائیل ماضی میں بشارالاسد سے اقتدار چھوڑنے کا مطالبہ کرتا رہا ہے لیکن وہ پڑوسی ملک میں جاری خانہ جنگی میں کوئی زیادہ ملوث نہیں ہوا ہے۔ البتہ اس کے لڑاکا طیارے حزب اللہ کے جنگجوؤں یا ایرانی کمانڈروں پر حملے کرتے رہے ہیں اور شام میں اسلحہ ڈپووں کو بھی فضائی حملوں میں نشانہ بنایا تھا۔

اسرائیل نے شام کے اتحادی، ایران پر لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کو جدید ہتھیارفراہم کرنے کا الزام عاید کیا تھا اور اسی کو جواز بنا کر شامی فوجی قافلوں یا فوجی تنصیبات پر بمباری کی تھی ، اوراسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے گذشتہ برس ایک بیان میں شام میں فضائی حملوں کا اعتراف کیا تھا۔

تازہ ترین