• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیلیفورنیا میں لگی آگ سے 21 افراد ہلاک، ہزاروں عمارتیں تباہ

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلات میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 21 تک پہنچ گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق تیزہواؤں کے باعث آگ تیزی سے دوسرے علاقوں تک پھیل رہی ہے اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کررہے ہیں۔

فائربریگیڈ کے چیف کا کہنا ہے کہ آگ وسیع پیمانے پر پھیل چکی ہے جو دیگر علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رہی ہے جس پر قابو پانے کے لیے تمام تر کوششیں کی جارہی ہیں جب کہ دیگر شہروں سے بھی فائر ٹینڈرز کو طلب کرلیے گئے ہیں۔

اب تک 21 افراد کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ ہزاروں سے زائد عمارتیں تباہ ہوچکی ہیں۔ اس کے علاوہ سینکڑوں افراد تاحال لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ بجھانے میں مشکلات کا سامنے ہے اور آگ اب سونوما کاؤنٹی تک پہنچ گئی ہے جہاں حکام نے لوگوں کو محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایات کردی ہیں۔

فائر بریگیڈ کے چیف کین پملوٹ کا کہنا ہے کہ شمالی کیلیفورنیا میں تقریباً 24 مقامات پر بڑے پیمانے پر آگ لگی ہوئی ہے، امکان ہے کہ یہ آگ ایک دوسرے سے مل جائیں گی جو کہ تباہ کن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں جنگلوں میں آگ لگنے کا یہ بدترین واقعہ ہے۔

ریاستی حکام کا کہنا ہے کہ آگ کی تپش کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن شروع نہیں کیا جاسکا ہے اور جب امدادی سرگرمیاں شروع ہوں گی تو ہلاکتوں میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔

ابھی یہ معلوم نہیں چل سکا ہے کہ جو لوگ لاپتہ ہیں انہیں کوئی نقصان پہنچا ہے یا پھر وہ راستے بند ہونے کی وجہ سے رابطے میں نہیں ہیں۔

آگ کے نتیجے میں اب تک 70 ہزار ایکڑ کا رقبہ متاثر ہوچکا ہے تاہم آگ لگنے کی وجہ فی الحال سامنے نہیں آسکی ہے البتہ عام طور پر کیلیفورنیا میں آگ لگنے کے واقعات انسانی غلطی کی وجہ سے ہی پیش آتے ہیں۔

تازہ ترین