• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان بمقابلہ سری لنکا پہلا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

Pakistan Vs Sri Lanka Will Be Played First One Day Today

سری لنکا کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش ہونے والی پاکستانی کرکٹ ٹیم کا نیا امتحان جمعے سے دبئی میں ون ڈے سیریز سے شروع ہورہا ہے۔ سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستانی ٹیم نے چار ماہ قبل اوول لندن میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی فائنل میں حیران کن کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو شکست دی تھی۔

ون ڈے کا منی ورلڈ کپ جیت کر چیمپئنز کی چیمپئن بننے کے بعد پاکستانی ٹیم پہلا ون ڈے میچ کھیل رہی ہے۔ سری لنکا نے توقعات کے برعکس پاکستان کو دونوں ٹیسٹ میچوں میں آؤٹ کلاس کردیا تھا۔

سرفراز احمد کہتے ہیں کہ ون ڈے سیریز مختلف ہوگی۔ ہماری ٹیم متوازن ہے۔ پاکستان آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کھیلنے والی ٹیم میں دو تبدیلیاں کرے گی۔ اظہر علی کی جگہ احمد شہزاد اوپنر کی حیثیت سے کھیلیں گے۔ ان فٹ محمد عامر کی جگہ بائیں ہاتھ کے ایک اور فاسٹ بولر رومان رئیس ٹیم میں شامل ہوں گے۔

ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے درجے سے محروم ہونے والی پاکستانی ٹیم کو ون ڈے سیریز میں بھی چھٹی پوزیشن برقرار رکھنے کا چیلنج درپیش ہے۔ اس کیلئے ون ڈے سیریز لازمی جیتنا ہوگی ۔

پاکستانی ٹیم میں تجربہ کار محمد حفیظ اور شعیب ملک کی شمولیت کے بعد زیادہ متواز ن دکھائی دیتی ہے۔ شاداب خان اور عماد وسیم کی شکل میں پاکستان کے پاس اچھے آل راونڈرز ہیں۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے شروع ہوگا۔ عثمان شنواری اور امام الحق کی پہلے میچ میں شرکت کا کوئی امکان نہیں ہے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان148 ون ڈے انٹرنیشنل ہوئے ہیں۔ پاکستان نے85جیتے، 58 ہارے ہیں، ایک میچ ٹائی رہا جبکہ چار میچوں کا نتیجہ برآمد نہ ہوسکا۔

پاکستان اور سری لنکا کے پہلےون ڈے میچ میں بھارت کے ایس روی اور پاکستان کے احسن رضا امپائر ہوں گے۔ انگلینڈ کے رچرڈ کیٹل برا ٹی وی امپائر اور زمبابوے کے اینڈی پائی کرافٹ میچ ریفری ہوں گے۔ 

 

تازہ ترین