| |
Home Page
ہفتہ 30 محرم الحرام 1439ھ 21 اکتوبر 2017ء
October 13, 2017 | 05:28 pm
زرداری کا کرپشن پر بات کرنا قیامت کی نشانی ہے، عمران خان

Zardari Talking About Corruption Is Sign Of Doomsday Imran Khan

Zardari Talking About Corruption Is Sign Of Doomsday Imran Khan

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آصف زرداری کا کرپشن کے خلاف بات کرنا قیامت کی نشانی ہے،شاہد خاقان عباسی حکومت جاتی ہے تو جائے مگر ہم پاکستان سے جمہوریت جانے نہیں دیں گے۔

عمران خان نے پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری تو خود سب سے بڑی بیماری ہیں، وہ چار دن سے پشاور کے چکر لگا رہے ہیں،زرداری سن لیں کہ اس بار سندھ میں بھی حکومت تحریک انصاف کی ہوگی ۔

عمران خان نے الزام لگایا کہ نواز شریف، آصف زرداری، فضل الرحمان اور اسفندیار ولی کرپشن کے بادشاہ ہیں،یہ سب مجھے کہتے ہیں کہ کہ میں انہیں گالیاں دیتا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ زرداری تم بہت بڑے ڈاکو ہو، میں سندھ آرہا ہوں اور لوگوں کو تیار کررہا ہوں تاکہ خوف کی زنجیریں ٹوٹ جائیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ قوم ٹیکس دیتی ہے اور یہ ملک کا پیسہ لے کر باہر لے جاتے ہیں، نواز شریف کہتے ہیں کہ انہیں کیوں نکالا تو میں بتاتا ہوں کہ اس لیے نکالا کہ 300 ارب قوم کا چوری کرکے باہر لے گئے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کہتے ہیں کہ انہیں اقامے کی وجہ سے نکالا گیا تو ان کا منی لانڈرنگ کا طریقہ ہی اقامہ ہے، جس کے ذریعے پیسہ منی لانڈرنگ کرکے باہر لے جانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج اسلام آباد کی عدالت پر ہلہ بولا گیا جس میں جج جان بچا کر باہر بھاگا کیوں کہ ان کی کوشش ہے کہ احتساب سے بچ جائیں، اگر منی لانڈرنگ میں نواز شریف کو سزا ہوجاتی ہے تو 300 ارب روپے سے زیادہ پیسہ ضبط ہوکر پاکستان آجائے گا،یہ اپنا پیسا بچانے کے لیے سپریم کورٹ اور فوج کو بدنام کررہے ہیں۔

وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ شاہد خاقان عباسی تم وزیراعظم ہو یا شریف خاندان کے درباری؟ شاہد خاقان عباسی کی حکومت جاتی ہے تو جائے مگر ہم پاکستان سے جمہوریت جانے نہیں دیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان نے پختون خوا پر بڑا ظلم کیا ہے ، کے پی اور فاٹا کے انضمام کی مخالفت کی لیکن اب ہم پرویز خٹک کے ساتھ مل کر فاٹا کے انضمام کے لیے پورا زور لگائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ 2018 میں انصاف کا انقلاب آئے گا، یہ ہی پاکستان عظیم ملک بنے گا اور جب تک ادارے قانون کے دائرے میں کام نہیں کریں گے تو ملک آگے نہیں بڑھ سکتا اسی لیے ہم اداروں کومضبوط کریں گے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے مزید کہا کہ اگر انصاف کا راستہ روکا گیا تو اسلام آباد کی سڑکوں پر آئیں گے۔

عمران خان نے اپنے خطاب میں یہ بھی کہا کہ قوم کے 10ارب ڈالر ہر سال چوری ہو کر منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر منتقل ہوتے ہیں،شریف خاندان پیسے بچانے کیلئے ڈرامے کر رہا ہے۔