• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سری لنکا دوسرا ون ڈے آج کھیلا جائے گا

Pakistan Srilanka Second One Day Match Today

پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میں شاندار فتح کے بعدپراعتماد پاکستانی کرکٹرز پیر کو نئے عزم اور خود کو چیمپئن ثابت کرنے کیلئے سری لنکنز پر دھاوا بولنے کو تیار ہیں۔ ڈے نائٹ ون ڈے میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 4بجے شروع ہوگا۔

پاکستان ٹیم مینجمنٹ نے دوسرے ون ڈے کے لئے ان ہی گیارہ کھلاڑیوں کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے، جو پہلے ون ڈے کی فائنل لائن اپ کا حصہ تھے۔ اگرچہ اوپنر احمد شہزاد 12گیندوں پر کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے تھے، تاہم ٹیم مینجمنٹ نے احمد شہزاد کو فخر زمان کے ساتھ ہی اوپنر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ابوظبی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے پانچ ون ڈے میں تین پاکستان اور دو سری لنکا جیتا ہے۔ سرفراز کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے ون ڈے میں تینوں شعبوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ہم سے اگلے میچ کیلئے امیدیں بھی بہت زیادہ ہیں ۔ اسی حوالے سے ہم نے اپنی تیاری بھی بہت بھرپور کی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے لئے اس وقت ورلڈ کپ اہم ہے جو صرف دو برس کی دوری پر ہے ۔ ہم مستقل نئے ٹیلنٹ کو موقع دے رہے ہیں۔ دوسری جانب سری لنکن کوچ نک پوتھاس ٹیم کی پہلے ون ڈے میں شکست پر سخت مایوس ہیں۔

سیریز کے دوسرے میچ سے قبل ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی پرفارم کریں ورنہ گھر جائیں۔ بیٹسمین کیلئے رنز پیسوں کی طرح ہوتے ہیں ،اگر رنزنہیں بنائیں گے تو دکان بند ہو جائے گی ، انہو ں نے کہا کہ بیٹسمینوں کوچاہئے کہ وہ اپنا احتساب کریں۔ پہلے ون ڈے میں ٹاپ 6 بیٹسمینوں نے کل 96 رنز اسکور کئے جبکہ ایک بیٹسمین نے 53 رنز بنا ئے ۔

نک پوتھا س نے اس بات کا بھی اعترا ف کیا کہ پاکستان کو ٹیسٹ میچ میں دو صفر سے شکست دینے والی سری لنکن ٹیم کو ون ڈے میں اپنی پوزیشن بحال کرنے کیلئے کڑی محنت کرنا ہوگی ، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے پاس محدود اوورز میں ہدف مکمل کرنے کا فارمولا موجود ہے ۔ مگر ہم اب تک وہ فارمولا ڈھونڈنے میں ناکام رہے ہیں ۔

دریں اثنا پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور آل رائونڈر بیٹسمین شعیب ملک کا ماننا ہے کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع ملنے چاہئیں۔ پہلے ون ڈے میں شعیب ملک نے 61گیندوں پر 81رنز بنائے جبکہ بابر اعظم نے 131 گیندوں پر 103 رنز بنا کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

شعیب ملک کا کہنا تھا کہ نئےکھلاڑیوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع دینے چاہئے ۔اس طرح کرنے سے ان کوکارکردگی بہتر دکھانے کا موقع ملے گا جوآخر میں ٹیم کی جیت کا سبب بنے گا۔ شعیب ملک کا کہنا تھا کہ ہمارا بولنگ اٹیک بہت زبردست ہے۔

تازہ ترین