• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقتدارمیں آکر نیب، ایف بی آر کو پہلے ٹھیک کریں گے، عمران خان

Will Put Institutions On Right Track After Gaining Power Imran

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے ادارے مضبوط کرکے ملک کو ٹھیک کریں گے، اقتدار میں آکر نیب اور ایف بی آر کو پہلے ٹھیک کریں گے۔

پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان عمران خان نے مالا کنڈ یونیورسٹی میں تقریب سے خطا ب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا ایک سال دھرنے میں نکل گیا اور دوسرا سال پاناما کیس میں نکل گیا،ادارے تباہ ہوجائیں تو ملک تباہ ہوجاتے ہیں۔اے ڈی خواجہ نے کہا کہ انہیں خیبرپختونخوا والا پولیس کا نظام چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ گورننس کا مطلب ملک کے اداروں میں قانون کی بالا دستی اور میرٹ کا نظام ہے،قانون کی بالا دستی اور میرٹ کا نظام ختم ہوجائے تو ادارے تباہ ہوجاتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کے پاس سوئٹزرلینڈ سے زیادہ خوبصورت پہاڑ ہیں ،کچھ اور نہ ہونے پر بھی سوئٹزرلینڈ بھی ہم سے زیادہ خوشحال ہے،کوئی بھی اسکینڈے نیویا کے ممالک کے وزراء اعظم کے نام نہیں جانتا،وہاںکے ممالک میں ادارے مضبوط ہیں وزراء اعظم کے آنے جانے سے فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ جمہورت میں لیڈر شپ میرٹ پر آتی ہے،بادشاہت میں لیڈر شپ رشتے داری کی وجہ سے آتی ہے،ہماے ہاں کبھی بھی اصلی جمہوریت نہیں رہی۔ہمارے پاس یورپی ممالک سے زیادہ وسائل ہیں

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں تین متوازی تعلیمی نظام چل رہے ہیں ،سرکاری اسکولوں کے بچے کیسے نجی تعلیمی اداروں کے بچوں کا مقابلہ کریں گے،ہماری یوتھ ہماری طاقت بھی بن سکتی ہے اور تباہی بھی،غریب گھرانوں کے بچوں میں آگے بڑنے کی چاہ ہوتی ہے،ایچی سن کے بچے سڑکوں پر کھیلنے والے بچوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے ۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق ایف بی آر میں 32سو ارب روپیہ چوری ہورہا ہے،سابق نیب چیئرمین کے مطابق نیب میں روزانہ کی بنیاد پر 12 ارب کی کرپشن ہوتی ہے،نیب چھوٹے پٹواریوں کے بجائے بڑے مجرموں کو پکڑے۔

عمران خان نے کہا کہ 2007 میں الطاف حسین کے حکم پر کراچی میں لوگوں کو گولیاں ماری گئیں، اس وقت الطاف حسین سے لوگ ڈرتے تھےآج اس کو کوئی سیریس نہیں لیتا، جو ڈرتا ہے وہ پیچھے رہ جاتا ہے، سارے پیغمبر اپنے وقت کے اسٹیٹس کو اور ظالم کے خلاف کھڑے ہوئے تھے،پیغمبروں کا راستہ مشکل راستہ ہے، آسان راستہ تباہی کا راستہ ہے، لیڈر بنتا ہی جدوجہد سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو تباہ کرنا ہے تو انہیں آسان اور پر آسائش زندگی دے دیں ،قائد اعظم نے سو سال پہلے دیکھ لیا تھا، آپ آج مودی کے ہندوستان کو دیکھ رہے ہیں، جدوجہد سے عاری زندگی تباہی کے سوا کچھ نہیں، جس کے جتنے زیادہ دشمن ہوں سمجھ جائیں وہ اتنا بڑا لیڈر ہے، مجھ پر کئی سیاست دانوں نے اربوں روپے کے ہرجانے کے دعوے کر رکھے ہیں، آصف زرداری کا کرپشن پر بات کرنا قیامت کی نشانی ہے۔

تازہ ترین