• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوامی رابطہ ویب سائٹس پر ٹرینڈ’’ می ٹو‘‘ کا راج برقرار

Hashtag Me Too Viral On Social Websites

دنیا بھر میں عوامی رابطہ ویب سائٹس پر ٹرینڈ ’’می ٹو‘‘ کا راج برقرار ہے، خواتین کو جنسی ہراساں کرنے کے رجحان کے خلاف احتجاجی مہم میں فنکار اور سیاست دان بھی بڑھ چڑھ کر حصہ ڈال رہے ہیں، ہیش ٹیگ می ٹو کے ساتھ اب تک ایک کروڑ بیس لاکھ سے زائد پیغامات جاری کئے گئے ہیں۔ پاکستان میں دوسرے روز بھی می ٹو ٹاپ ٹرینڈ کر رہا ہے۔

کیلی فورنیا سے تعلق رکھنے والی ڈیموکریٹ سیاستدان، سینیٹر کاملہ حارث نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں جنسی ہراس کے خلاف خاموشی توڑنے اور بہادری سے آواز اٹھانے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس تکلیف سے گزرنے والوں کو یہ جان لینا چاہئے کہ وہ تنہا نہیں۔

مقبول امریکی ٹی وی شو کی میزبان ایلن ڈی جینیریز، ہالی وڈ اداکارہ ریس ودرسپون اور گلوکار لیڈی گاگا نے بھی اپنے پیغامات جاری کرکے می ٹو مہم میں حصہ لیا۔ منگل کو پاکستانی سیاستدان عائشہ گلالئی نے بھی می ٹو مہم میں حصہ لیتے ہوئے تحریک انصاف چیئرمین کے خلاف جنسی ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا۔

امریکی اداکارہ ایلسا ملانو کی ٹویٹ سے پیر کے روز شروع ہونے والے اس سلسلے نے چند ہی گھنٹوں کے دوران دنیا بھر میں سوشل میڈیا پر ایک مہم کی شکل اختیار کرلی تھی۔ ٹرینڈ کے آغاز کا مقصد تھا کہ اس سے خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کی تعداد کا اندازہ ہوسکے۔

سماجی رابطہ ویب سائٹس پر اتنی بڑی تعداد میں پیغامات سے مسئلے کی سنگینی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین