• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران جلد سیاست سے ریٹائرڈ ہوجائیں گے،بلاول

Imran Will Soon Retire From Politics Bilawal

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ انشاء اللہ عمران خان جلد ہی کرکٹ کی طرح سیاست سے بھی ریٹائر ہوجائیں گے۔

حیدرآباد جلسہ گاہ پہنچنے سے قبل ہالا میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ فوج اور عدلیہ سمیت سب کا احتساب ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر سویلینز کا احتساب ہوسکتا ہے تو فوج اور عدلیہ سمیت سب کا احتساب ہونا چاہیے، پیپلزپارٹی نے کبھی نوازشریف کا ساتھ نہیں دیا،2014ء میں جمہوریت کا ساتھ دینے کا فائدہ نوازشریف نے اٹھایا۔

اس سے قبل چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری بھٹ شاہ پہنچے، اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے،بھٹ شاہ میں رکن قومی اسمبلی مخدوم سعید الزماں نے ان کا استقبال کیا ۔

بلاول بھٹو زرداری مخدوم ہاؤس بھی گئے،جہاں انہوں نے مخدوم جمیل الزماں سے ان کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی بھی کی۔

اس موقع پر چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مخدوم خاندان سے پرانا رشتہ ہے، انہوں نے عوام کیلئے جدوجہد کی ہے۔

ادھر پیپلزپارٹی نے حیدرآباد میں میدان سجالیا ہے،جلسے کی تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں جبکہ جیالوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

جلسے سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے۔

تازہ ترین