• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز:جی ایس پی پلس سے پاکستان میں غربت میں کمی آئی، وزیر تجارت

Brussels Poverty Reduced In Pakistan Due To Gsp Plus Trade Minister

پاکستان کے وزیر تجارت و ٹیکسٹائل محمد پرویز ملک اور اٹارنی جنرل اشتر اوصاف علی نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس کے باعث نہ صرف پاکستان میں غربت میں کمی واقع ہوئی ہے بلکہ اس سے صنعتی سیکٹر میں بھی بہتری آئی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برسلز میں یورپین پارلیمنٹ اور اپنے دورے سے جڑے ہوئے متعلقہ اداروں کے ذمہ داران کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد نے یورپ کے خصوصی نمائندے برائے انسانی حقوق اسٹاوروس لیمبرینیدیس سے ملاقات میں انہیں بتایا کہ پاکستان میں جی ایس پی پلس کے حصول کے بعد خواتین کو روزگار کے حصول میں آسانیاں ملی ہیں، جس سے مجموعی غربت میں بہتری لانے اور سماج کی ترقی کے دوسرے شعبوں پر بھی توجہ دینے کا موقع ملا ہے۔

یورپین پارلیمنٹ کے سائوتھ ایشیاءڈیلیگیشن کی چیئر پرسن جین لیمبرٹ ایم ای پی کی سربراہی میں ایس اے ڈی کے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تجارت پرویز ملک نے کہا کہ جی ایس پی پلس سے پاکستان اور یورپ دونوں کو ہی فائدہ پہنچا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے صنعتی اداروں نے اپنی مصنوعات میں بہتری کیلئے یورپ سے بہت مشینری اور صنعتوں میں استعمال کی دیگر اشیاء بھی خریدی ہیں۔

پاکستانی وفد ان دنوں جی ایس پی پلس کے ریویو کی تیاریوں کے سلسلے میں یورپین دارالحکومت برسلز میں موجود ہے،ذرائع کے مطابق وزیر تجارت یہاں سے فرانس اور جرمنی بھی جائیں گے ۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ ان تمام ملاقاتوں کے مثبت اور ہمدردانہ نتائج برآمد ہونے کی قوی امید ہے، ان تمام ملاقاتوں میں بلجیم لکسمبرگ اور یورپین یونین کے لیے پاکستانی سفیر نغمانہ عالمگیر ہاشمی اور برسلز میں تعینات اکنامک منسٹر عمر حمید بھی وفد کی معاونت کے لیے موجود تھے۔

علاوہ ازیں پاکستانی وفد نے بلجیم کے نائب وزیر اعظم کرس پیٹرز سے بھی ملاقات کی اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل میں پاکستان کی حمایت پر اس کا شکریہ ادا کیا۔

اس ملاقات میں طرفین نے باہمی تعلقات اور تجارت میں بہتری پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔

تازہ ترین