• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امام الحق کی ڈبیو پر سنچری ،پاکستان میچ و سیریز کا فاتح

3rd Matchimam Ul Haq Debut Century Pakistan Win The Match And Series

پاکستان نے سری لنکا کو تیسرے میچ میں امام الحق کی سنچری اور حسن علی کی شاندار بائولنگ کی بدولت 7 وکٹوں سے شکست دیدی اور 5 میچ کی سیریز میں 3-0 سے اپنے نام کرلی ہے۔

ابو طبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور پوری ٹیم 48 اعشاریہ 2 اوورز میں 208 رنز پر آئوٹ ہوگئی، جواب میں پاکستان نے ہدف 43 ویں اوورز میں 3 وکٹوں پر باآسانی حاصل کرلیا۔

پاکستان کی طرف سے ڈبیو میچ میں اوپنر امام الحق نے سنچری اسکور کی اور ایک روزہ ٹیم میں اپنی سلکشن کو درست ثابت کردیا، وہ 100 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

وہ اپنے پہلے میچ سنچری بنانے والے دنیا کے 13ویں اور دوسرے پاکستانی کھلاڑی بن گئے،اس سے قبل ستمبر 1995 ء میں ہوم سیریز کے دوران سلیم الٰہی نے سری لنکا کے ہی خلاف سنچری اسکور کی تھی۔

پاکستان کی طرف سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا اور پہلی وکٹ پر 78رنز کی شراکت قائم کی، فخر زمان 29 رنز پر ویندرسے کا شکار بنے۔

دوسری وکٹ پر بابر اعظم اور امام الحق نے مجموعی اسکور میں 66 رنز کا اضافہ کیا، 144 کے اسکور پر گزشتہ دو میچوں کے سنچری میکر بابراعظم 30 رنز بناکر گماگے کو اپنی وکٹ تھما بیٹھے۔

تیسری وکٹ پر محمد حفیظ اور امام الحق نے 59 رنز کی شراکت قائم کی، امام الحق نے 5چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے پورے 100رنز بنائے اور پہلے ہی میچ میں سنچری بنانے پر سجدہ شکر ادا کیا، پریرا نے انہیں واپسی کا راستہ دکھایا۔

محمد حفیظ 34 اور شعیب ملک صفر رنز پر ناٹ آوٹ رہے، سری لنکا کی طرف سے پریرا، ویندرسے اور گماگے نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

اس سے قبل سری لنکا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان اپل تھرنگا 61، پریرا 38، تھریمانے 28 رنز کی بدولت 208 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے حسن علی نے شاندار پرفارمنس دی اور 10 اوورز میں 34رنز دے کر 5وکٹ حاصل کی، وہ کم میچز کھیل کر 50 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بولر بن گئے ہیں۔

تازہ ترین