• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی دیوالی پر ہندو برادری کو مبارکباد

Congratulations To The Hindu Community On Diwali By Prime Minister

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ہندوؤں کے تہوار دیوالی پر انہیں مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ بین المذاہب ہم آہنگی کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہیں تھی،حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے جبکہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زداری نے کہا ہے کہ بطور پاکستانی ہندو برادری کو اپنے مذہبی تہوار منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے۔


شاہد خاقان عباسی نے دیوالی کے موقع پر اپنے پیغام میں ہندوؤں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح و بہبود پہ یقین رکھتی ہے، حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے حضرت محمد ﷺ کی سیرت ، قائد اعظم کے وژن اور آئین پاکستان سے رہنمائی لیتی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ دنیا کاہر مذہب امن رواداری اور انسانیت سے محبت کا درس دیتا ہے۔کوئی مذہب نفرت اور تشدد کی اجازت نہیں دیتا،حکومت پاکستان رنگ نسل اور مذہب کی تفریق کے بغیر معاشرے کی تشکیل کے عزم پہ قائم ہے ،حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنا رہی ہے۔

انہوں نے مذہبی رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ مذہبی اقدار کے فروغ اور لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کے لئے کردار ادا کریں ۔وزیر اعظم نے ہندو کمیونٹی پر بھی زور دیا کہ وہ پاکستان کی خوشحالی میں کردار ادا کرتی رہے ۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما بلاول بھٹو نےپاکستان سمیت دنیا بھرمیں آباد ہندو برادری کو دیوالی کی مبارکبادددی ہے،ان کاکہناتھاکہ بطور پاکستانی ہندو برادری کو اپنے مذہبی تہوار منانے کی مکمل آزادی حاصل ہے،آئین کے تحت تمام غیرمسلم پاکستانیوں کو مساوی حقوق اور یکساں مواقع میسر ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نےکہاکہ پیپلزپارٹی ملک میں برابری اور ہم آہنگی کے لئے کھڑی ہے۔

تازہ ترین