وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا اورصوبے میں امن واستحکام کو ہرصورت قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے یہ بات جوائنٹ ڈائریکٹر انٹیلی جنس بیورو انوار الحق خاور سے ملاقات میں کہی۔
ملاقات کے دوران امن وامان کی صورتحال کی بہتری، دہشت گردوں اور شرپسندوں کے خلاف اقدامات سمیت دیگر متعلقہ امور پر بات چیت کی گئی ۔
اس بات پر اطمینان کا اظہار بھی کیا گیا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے قانون نافذ کرنے والے تمام اداروں اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے درمیان مکمل ہم آہنگی اورمربوط روابط کے دوررس نتائج برآمد ہورہے ہیں اوردہشت گردوں کا ہرجگہ پیچھا کیا جا رہا ہے۔
جوائنٹ ڈائریکٹر آئی بی نے یقین دلایا کہ ان کا ادارہ سیکیورٹی فورسز کی ہرممکن معاونت جاری رکھے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے گوادر، مستونگ اور کوئٹہ میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات کے بعد صوبہ بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر پر قابو پانے کے لیے تمام سیکیورٹی ادارے بھرپور کاروائیاں کریں۔
وزیراعلیٰ کی جانب سے آئی جی پولیس، سیکریٹری داخلہ، تمام ڈویژنل کمشنروں،ڈی آئی جیزا ور ڈپٹی کمشنروں کو سیکیورٹی انتظامات کو مؤثر بنانے اور سیکیورٹی اداروں کو متحرک، فعال اور مستعد رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے سیکیورٹی ادروں کے گشت اور نفری میں اضافے کی بھی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف نتیجہ خیز کاروائی کرنا ناگزیر ہوچکا ہے عوام کو دہشت گردوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ معصوم شہریوں اور محنت کشوں کو نشانہ بنانے والے بزدل دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور ان کا ہرصورت قلع قمع کیا جانا چاہئے۔