سعودی عرب اورعراق کے درمیان 27 سالوں کے بعد فضائی رابطے کے بحال ہوتے ہی عراقی فوج کے سربراہ نے دو دہائی کے بعد سعودی عرب کا پہلا دورہ کیا۔
بدھ کے روز سعودی عرب کی نجی فضائی کمپنی (فلای ناس) کا تجارتی طیارہ بغداد پہنچا تھا، اس فلائٹ کی اہمیت کے پیش نظر اسکا استقبال عراقی وزیر برائے ٹرانسپورٹ کاظم فنجان الحمامی اور سعودی سفیر عبد العزیز الشمری نے کیا تھا۔
اس کے دوسرے ہی روز عراقی فوج کے سربراہ جنرل عثمان الغانمی کی قیادت میں اعلیٰ عسکری وفد نے سعودی عرب کا دو روزہ دورہ شروع کیا اور سعودی مسلح افواج کے سر براہ جنرل عبدالرحمان البنیان سے ملاقات کی۔
عراقی وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ دونوں ممالک کے فوجی سربراہان نے دو طرفہ تعاون سمیت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون بڑھانے اور دونوں ملکوں کے درمیان سرحدی گزرگاہوں کو کھولنے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔