ضلعی و یونیورسٹی انتظامیہ اور احتجاجی طلبا کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ فیسوں میں 10 فیصد اضافہ واپس قائد اعظم یونیورسٹی 16 دن بعد آج کھلے گی۔ کلاسیں پیر سے ہوں گی۔
گزشتہ دو ہفتوں سےضلعی و قائد اعظم یونیورسٹی انتظامیہ اور احتجاجی طلبا کے درمیان جاری آنکھ مچولی اپنے اختتام کو پہنچی ۔ وائس چانسلر کی رہائش گاہ پر رات گئے تک جاری رہنے والے مذاکرات کامیاب ہو گئے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے طلبا کی فیسوں میں کیا گیا 10 اضافہ واپس لے لیا اور رات کو ہی وائس چانسلر کے دستخطوں سے فیسوں میں اضافے کی واپسی کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔
مذاکرات میں ڈپٹی کمشنر مشتاق احمد اور ایس ایس پی ساجد کیانی اور طلبا نمائندوں نے شرکت کی۔وائس چانسلر ڈاکٹر جاوید اشرف نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ مذاکرات کامیاب ہو گئے اور فیسوں میں اضافہ واپس لینے کے بعد طلبا نے اپنا احتجاج ختم کر دیا ہے۔
طلبا کا احتجاج ختم ہونے پر یونیورسٹی آج کھلے گی تاہم تدریسی عمل پیر سے شروع ہو گا۔ طلبا کا احتجاج ختم ہونے کے بعد یونیورسٹی گیٹ کھول دیے گئے۔
قائد اعظم یونیورسٹی طلبا کے احتجاج کے باعث تقریبا 16 روز سے بند تھی۔