• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ناروے: پاکستانی سفارتخانے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تقریب

Norway Ceremony Regarding Investment In The Pakistani Embassy

ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں پاکستان کے سفارتخانے میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ایک تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب سے رکن پنجاب اسمبلی رانا محمودالحسن، سفیر پاکستان رفعت مسعود اور مسلم لیگ ن برطانیہ کے سینئرنائب صدر رانا بشارت علی خان نے خطاب کیا۔

اس موقع پر ناروے میں پاکستان کے اعزازی قونصلر برائے سرمایہ کاری راجہ ناصر حسین بھی موجود تھے۔

ایم اپی اے رانا محمود الحسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ نارویجن سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنے آئے ہیں اور کیج فش فارمنگ اور شپنگ کے حوالے سے ناروے سمیت اسکینڈے نیویا کی مہارت اور تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہت سے مواقع موجود ہیں،ان کے وفد نے ناروے میں فش فارمنگ کے بارے میں متعلقہ کمپنیوں کے عہدیداروں سے ملاقاتیں کی ہیں اور فیری سروس کے حوالے سے بات چیت کے لیے وہ فن لینڈ جائیں گے۔

انہوں نے پاکستان میں نارویجن سرمایہ کاری کے حوالے سے سفیر پاکستان محترمہ رفعت مسعود اور ناروے میں پاکستان کے اعزازی قونصلر برائے سرمایہ کاری راجہ ناصر حسین کے کاوشوں کو سراہا۔

norway02

اس سےقبل سفیرپاکستان رفعت مسعود نے وفد کا تقریب کے شرکاء سے تعارف کروایا اور یہ بھی بتایا کہ ناروے میں نارویجن پاکستانیوں کی محنت اور دیانتداری کی وجہ سے پاکستان کا بڑا وقار ہے اور پاکستانیوں کو عزت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ ہم اس وقت پاکستان میں ممکنہ نارویجن سرمایہ کاری کے حوالے سے بہت سے مجوزہ منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن برطانیہ کے سینئر نائب صدر رانا بشارت علی خان نے ناروے میں پاکستان کے سفارت خانے کی کارکردگی کی تعریف کی اور کہا کہ ناروے میں پاکستانی کمیونٹی میں سفیر پاکستان کے بارے میں اچھے تاثرات پائے جاتے ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ وہ اس وقت برما کے روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ہمدردی حاصل کرنے کے لیے یورپ میں ایک آگاہی مہم پر کام کر رہے ہیں۔

norway03

انہوں نے اپنے خطاب میں مظلوم کشمیریوں اور فلسطینی مسلمانوں سے بھی گہری ہمدردی کا اظہار کیا۔

ناروے میں پاکستان کے اعزازی قونصلر برائے سرمایہ کاری راجہ ناصر حسین نے نمائندہ ’جنگ‘ کو بتایا کہ اس وقت ناروے کی بہت سی سرمایہ کار فرموں کے ساتھ متعدد مجوزہ منصوبوں پر کام ہو رہا ہے اور ان کوششوں کے جلد مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔

تقریب میں مسلم لیگ ن ناروے کے چیف آرگنائزر نذیر خالد بٹ، جنرل سیکریٹری منصور عادل، مسلم لیگ ن ناروے کے سینئر نائب رہنما چوہدری رفاقت علی (طاہر)، پاک ناروے فورم کے چوہدری اسماعیل سرور، سماجی شخصیات سید طارق شاہ، خالد محمود گجر اور سلطان اعوان اور نارویجن پاکستانی کمیونٹی کے دیگر افراد نے بھی شرکت کی۔

دریں اثناء ناروے میں پاکستان کی سفیر رفعت مسعود نے مہمان وفد کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پر عشائیہ کا اہتمام بھی کیا۔

تازہ ترین