• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شارجہ :سری لنکا کو پھر شکست، پاکستان 7 وکٹ سے فاتح

پاکستان نے سری لنکا کو چوتھے ایک روزہ میچ میں بھی شکست سے دو چار کر دیا، گرین شرٹس کی7 وکٹوں سے کامیابی میں شعیب ملک، بابر اعظم کی ذمہ دارانہ بیٹنگ اور حسن علی، شاداب اور عماد وسیم کی شاندار بولنگ نے اہم کردار ادا کیا۔

5 میچوں کی سیریز کا چوتھا مقابلہ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم پر ہوا، سری لنکن کپتان اپل تھرنگا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، پوری مہمان ٹیم 44 ویں اوور173رنز پر پویلین لوٹ گئی، تھریمانے 62، ڈک ویلا 22 اور لکمل 23رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی طرف سے تیسرے میچ کی جوڑی فخرزمان اور امام الحق نے اننگز کا آغاز کیا، گزشتہ مقابلے کے سنچری میکر امام الحق آئوٹ ہونے والے پہلے کھلاڑی تھے، وہ 2 کے انفرادی اسکور پر گماگے کا شکار بنے۔

گرین شرٹس کا دوسرا آئوٹ ہونے والا بیٹسمین فخر زمان رہا، 2چوکوں کی مدد سے 17رنز بنائے دوسرے اوپنر کی وکٹ دھننجا کے حصے میں آئی، فخرزمان سیریز کے پہلے مقابلے میں 43 رنز کی اننگز کھیلنے کے سوا خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں تاحال ناکام رہے ہیں۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 54 پر گری، آل رائونڈر محمد حفیظ 9 رنز پر پرسنا کو اپنی وکٹ تھما بیٹھے، ایسے میں لگا کہ شاید گرین شرٹس کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر لڑکھڑا جائے گی۔

تاہم بابراعظم نے سینئر پلیئر شعیب ملک کے ساتھ مل کر بڑی شراکت قائم کی اور ٹیم کی کامیابی کے امکانات روشن کردیے، دونوں کھلاڑیوں نے 119 رنز کی شراکت قائم اور ناٹ آئوٹ لوٹے۔

بابر اعظم نے 5 چوکوں کی مدد سے69 رنز بنائے جبکہ شعیب ملک نے اتنے ہی رنز 3 چھکوں اور 2چوکوں کی مدد سے بنائے، انہوں نے میچ کا وننگ شارٹ بھی لگایا ۔

سری لنکا کی طرف سے گماگے ،پرسنا ،دھننجانے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔

بابر اعظم مین آف دی میچ قرار پائے۔ انہوں نے 4 میچوں میں 2 سنچریوں کی مدد سے 303 رنز بنالئے ہیں، وہ سیریز میں زیادہ اسکور بنانے والے کھلاڑیوں میں سرفہرست ہیں۔

تازہ ترین